آئی پی ایل پر دوبارہ کورونا کا خطرہ

آئی پی ایل کا 15 واں سیزن شروع ہونے سے پہلے شائقین کیلئے بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ ٹورنامنٹ کے میچ تماشائیوں کے بغیر بند دروازوں کے پیچھے کھیلے جاسکتے ہیں۔

ممبئی: آئی پی ایل کا 15 واں سیزن شروع ہونے سے پہلے شائقین کیلئے بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ ٹورنامنٹ کے میچ تماشائیوں کے بغیر بند دروازوں کے پیچھے کھیلے جاسکتے ہیں۔

اس سے قبل 25 فیصد شائقین کی اجازت سے ٹورنامنٹ شروع کرنے کی بات کی گئی تھی لیکن مہاراشٹرا حکومت آنے والے دنوں میں اس اجازت کو واپس لے سکتی ہے۔

دراصل مرکزی حکومت نے مہاراشٹرا حکومت کو ریاست میں کووڈ۔ 19 کے نئے خطرہ کے بارے میں خبردار کیاہے جس کا اثر آئی پی ایل پر بھی پڑسکتاہے۔ مہاراشٹرا کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے بتایاکہ ہمیں مرکزی حکومت کی طرف سے چوکنا رہنے کا خط موصول ہوا ہے۔

یوروپی ممالک، جنوبی کوریا اور چین میں کووڈ۔19 کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ صحت نے ایک خط جاری کیاتھا جس میں انہیں چوکس رہنے اور ضروری اقدامات کرنے کو کہاگیا تھا۔

تاہم ہم فی الحال آئی پی ایل میچ پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔ مہاراشٹرا حکومت نے بی سی سی آئی کے ساتھ ایک میٹنگ میں فیصلہ کیا تھاکہ 15 اپریل تک ہونے والے میچوں میں 25 فیصد تماشائیوں کو شرکت کی اجازت دی جائے۔

اجلاس میں 15 اپریل کے بعد ہونے والے میاچس کے تعلق سے کوئی فیصلہ نہیں کیاگیا۔ لیگ مرحلہ کے تمام 70 میچ مہاراشٹرا میں کھیلے جائیں گے۔ 55 میچ ممبئی اور 15 پونے میں ہوں گے۔

20 میچ ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم اور ڈاکٹر ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ 15 میچ بریبورن اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ باقی 15 میچ پونے کے ایم سی اے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ پلے آف اور فائنل میچ احمدآباد میں ہونے کی اطلاعات ہیں لیکن بی سی سی آئی کی جانب سے ابھی تک کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیاہے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 29 مئی کو کھیلا جائے گا۔

تبصرہ کریں

Back to top button