آسام میں پولیس اسٹیشن کو آگ لگانے والوں کے مکانات ڈھادئیے گئے

سلونا بوری موضع کے تقریباً40افراد نے ہفتہ کی دوپہر باٹدروا پولیس اسٹیشن کو آگ لگادی تھی۔ معاملہ ایک مقامی شخص کی مبینہ زیرحراست موت کا تھا۔

ناگاؤں: آسام کے ضلع ناگاؤں میں حکام نے کئی کنبوں کے مکانات ڈھادئیے۔ ان کنبوں پر ایک دن قبل ضلع میں ایک پولیس اسٹیشن کو آگ لگادینے کا الزام ہے۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔

سلونا بوری موضع کے تقریباً40افراد نے ہفتہ کی دوپہر باٹدروا پولیس اسٹیشن کو آگ لگادی تھی۔ معاملہ ایک مقامی شخص کی مبینہ زیرحراست موت کا تھا۔

ناگاؤں ضلع انتظامیہ نے ہفتہ کے دن موت کی عدالتی تحقیقات کا حکم دے دیا اورپولیس نے پولیس اسٹیشن انچارج کو معطل کردیا۔ اتوار کی صبح بلڈوزرس گاؤں پہنچے اور ان لوگوں کے مکانات ڈھائے گئے جو پولیس اسٹیشن پر حملہ میں ملوث تھے۔

آسام کے اسپیشل ڈی جی پی (لاء اینڈ آرڈر) جی پی سنگھ نے انڈین ایکسپریس کو بتایاکہ ہجوم میں 40لوگ تھے ہم نے نشاندہی کرکے 7کو گرفتارکرلیا۔ 21کو تحویل میں لیاگیا ہے۔ حوالات میں موت کے سلسلہ میں ذمہ دارپولیس عہدیداروں کے خلاف سخت کاروائی ہوگی۔

کانگریس رکن پارلیمنٹ بارپیٹا عبدالخالق نے حکومت پر تنقید کی، انہوں نے کہا کہ ہم نے پولیس اسٹیشن پر حملہ کی کبھی بھی حمایت نہیں کی لیکن پولیس کی طرف سے حملہ آوروں کے مکانات ڈھادینا انسانی حقوق کی راست خلاف ورزی ہے۔

پولیس کے بموجب موضع سلونابوری کے مچھلی فروش شفیق الاسلام کو جمعہ کی رات اس شکایت پر پولیس اسٹیشن لایاگیاتھا کہ اس نے شراب پی رکھی ہے۔ اگلی صبح اس کی موت پر سوالات اٹھے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس کی بیوی اسے ہسپتال لے گئی تھی لیکن خاندان کا الزام ہے کہ بیوی نے شوہر کو ہسپتال میں مردہ پایا۔

ڈائرکٹرجنرل پولیس آسام کے دفتر سے جاری بیان کے بموجب شفیق الاسلام کو رہا کرکے ہفتہ کی صبح اس کی بیوی کے حوالہ کردیاگیاتھا۔ اس کی بیوی نے اسے کھاناپانی دیاتھا۔ بعدازاں اس نے طبیعت خراب ہونے کی شکایت کی اور اسے یکے بعد دیگرے دو دواخانوں کو لے جایاگیا۔

دوسری طرف شفیق الاسلام کے ارکان خاندان کا دعویٰ ہے کہ پولیس اسٹیشن میں شفیق الاسلام کی رہائی کیلئے 10ہزار روپئے اور ایک بطخ کا مطالبہ کیاگیاتھا۔ پی ٹی آئی کے بموجب شفیق الاسلام کی بیوی ہفتہ کی صبح بطخ لے کرپولیس اسٹیشن پہنچی تھی۔

بعد میں وہ جب رقم لے کر پھر پولیس اسٹیشن آئی تو اسے پتہ چلا کہ اس کے شوہر کو ناگاؤں سیول ہاسپٹل لے جایاگیا ہے۔ دواخانہ میں اس نے اپنے شوہر کو مردہ پایا۔ چند گھنٹے بعد 3:30بجے ہجوم نے پولیس اسٹیشن کو گھیر لیا اور اس کے ایک حصہ کو آگ لگادی۔

تبصرہ کریں

Back to top button