اتراکھنڈ میں جلد ہی یکساں سول کوڈ قانون بنایا جائے گا: دھامی

اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے اتوار کو کہا کہ ریاست میں یکساں سول کوڈ قانون بنانے کے ساتھ ہی آبادی کے تناسب میں تبدیلی کو کنٹرول کرنے اور تبدیلی مذہب پر پابندی لگانے کے سخت اقدامات کی سمت میں کام شروع ہو گیا ہے۔

نئی دہلی: اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے اتوار کو کہا کہ ریاست میں یکساں سول کوڈ قانون بنانے کے ساتھ ہی آبادی کے تناسب میں تبدیلی کو کنٹرول کرنے اور تبدیلی مذہب پر پابندی لگانے کے سخت اقدامات کی سمت میں کام شروع ہو گیا ہے۔

دھامی نے یہاں قوم پرست نظریات کی حوصلہ افزائی کرنے والی میگزین پنچجنیہ اور آرگنائزر کے 75 ویں سال کے موقع پر منعقدہ ایک میڈیا منتھن پروگرام میں یہ باتیں کہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتراکھنڈ کو ماحولیاتی تحفظ اور اقتصادی ترقی دونوں کوایک ساتھ لے کرکام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زراعت، باغبانی، سیاحت، آیوروید وغیرہ شعبوں میں بہت سے کام جاری ہیں۔

انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پہل سے چار دھام یاترا کے لیے اچھی سڑکوں اور دیگر سہولیات کا جال بچھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کماؤن میں 17 تیرتھ مقامات کو سرکٹ ‘مانس کھنڈ’ کے طور پر تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بابا نیب کروڑی کے کینچی دھام میں ایک بہت بڑی پارکنگ بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دہرادون کے قریب پانچویں دھام کے طور پر سینیہ دھام بنایا جا رہا ہے، جس میں 1700 سے زیادہ شہید فوجیوں کے گھر کے صحن کی مٹی کا استعمال کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کیدارناتھ اور ہیم کنڈ صاحب میں روپ وے کی تعمیر کا کام بھی شروع ہو گیا ہے۔ دھامی نے اتراکھنڈ میں یکساں سول کوڈ، بگڑتے ہوئے آبادیاتی تناسب اور پڑوسی ریاستوں سے مجرموں کا آکر پناہ لینے کے بارے میں مشکل سوالات کے جواب بھی دئے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے یکساں سول کوڈ کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، جس کے تیار کردہ مسودے پر بہت جلد یہ قانون بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یکساں سول کوڈ نہ صرف اتراکھنڈ میں بلکہ پورے ملک میں اور تمام ریاستوں میں ضروری ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اتراکھنڈ میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی بالخصوص روہنگیا کی تعداد میں اضافہ کی جانچ کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

تبصرہ کریں

Back to top button