اردوصحافت کے 200 سالہ جشن کا30 مارچ کو دہلی میں انعقاد

آئندہ ماہ 30 / مارچ کو ہونے والا اردوصحافت کا 200 سالہ جشن کا افتتاح سابق نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری کریں گے۔ یہ اطلاع آج یہاں کمیٹی کے کنوینر سینئر صحافی معصوم مرادآبادی نے دی ہے۔

نئی دہلی: آئندہ ماہ 30 / مارچ کو ہونے والا اردوصحافت کا 200 سالہ جشن کا افتتاح سابق نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری کریں گے۔ یہ اطلاع آج یہاں کمیٹی کے کنوینر سینئر صحافی معصوم مرادآبادی نے دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس باوقار تقریب میں شرکت کے لیے ملک بھر سے سرکردہ اردوصحافیوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

اس موقع پر اردوصحافت کی لازوال قربانیوں پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی جائے گی اور ملک کے چنندہ اردو صحافیوں کو ’کارنامہ حیات ایوارڈ‘پیش کیا جائے گا۔ افتتاحی تقریب کے دوران علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں شعبہ صحافت کے سربراہ پروفیسر شافع قدوائی کلیدی خطبہ پیش کریں گے۔

اس موقع پر ایک یادگاری مجلہ بھی شائع کیا جائے گا، جس میں اردو صحافت کے ماضی، حال اور مستقبل کا احاطہ کیا جائے گا، جس کی ترتیب وتدوین کی ذمہ داری ممتازصحافی سہیل انجم کو سونپی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اردو کا پہلا اخبار’جام جہاں نما‘27 / مارچ 1822ء کو کلکتہ سے شائع ہوا تھا۔ اس اعتبار سے اردو صحافت اپنے قیام کے 200 سال مکمل کرنے جارہی ہے اور اس موقع پر ملک کے مختلف حصوں میں تقاریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ہندوستان میں اردو صحافت کی تاریخ لازوال قربانیوں اور جدوجہد سے عبارت ہے۔ اس ملک کی آزادی کے لیے سب سے پہلی قربانی اردو صحافی مولوی محمدباقر نے دی۔ جنھیں انگریزوں نے 1857کی جنگ آزادی کی جرأت مندانہ رپورٹنگ کی پاداش میں توپ کے دہانے پر رکھ کراڑادیا۔

اردو صحافت کی 200 سالہ تقاریب کو منانے کا مقصد ان قربانیوں کو یاد کرنا ہے جو اردو صحافیوں نے اس ملک کی آزادی اور آزادہندوستان کی تعمیر وتشکیل میں دی ہیں۔

کمیٹی کے کنوینرمعصوم مرادآبادی نے مزید کہا کہ اس موقع پر اردو صحافت کے جن معماروں کے نام پر ایوارڈ پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان میں مولوی محمدباقر، پنڈت ہری ہردت، مولانا ابوالکلام آزاد، مولانا حسرت موہانی، مولانا محمدعلی جوہر، مولانا ظفرعلی خاں، مولانا عبدالماجد دریابادی،مولانا عبدالرزاق ملیح آبادی، مولانا عثمان فارقلیط، رئیس الدین فریدی اور جی ڈی چندن کے نام شامل ہیں۔

یہ ایوارڈ ان بزرگ اردوصحافیوں کو بصداحترام پیش کئے جائیں گے، جنھوں نے اپنی زندگیاں اردوصحافت کو پروان چڑھانے میں گزاری ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جشن منانے کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔اس سلسلہ میں تشکیل دی گئی‘اردوصحافت 200 سالہ تقاریب کمیٹی کی پہلی تقریب آئندہ ماہ 30 / مارچ کوانڈیا اسلامک کلچرل سینٹر، نئی دہلی میں منعقد ہوگی۔

تبصرہ کریں

Back to top button