سوشیل میڈیا

100 سالہ شخص اور 96 سالہ خاتون محبت میں گرفتار ہوکر شادی کرنے کیلئے تیار

ہیرولڈ ٹرینز کے خیالات بھی ایسے ہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 'مجھے ہمیشہ لگتا تھا کہ دنیا کی عظیم ترین محبت کی داستان رومیو جولیٹ کی ہے، مگر وہ فکشن ہے، اور پھر میں نے فیصلہ کیا کہ محبت کی عظیم ترین داستان میری اور جینی کی ہے'۔

بروسیلز: محبت تو کسی بھی عمر میں ہو سکتی ہے اور ایسا ہی 100 سالہ ہیرولڈ ٹرینز اور 96 سالہ جینی سوارلین کے ساتھ ہوا۔جی ہاں واقعی ان دونوں کو اس عمر میں جاکر محبت ہوئی جب بیشتر افراد قبر میں پہنچ جاتے ہیں۔

ان دونوں نے 3 سال کے رومانوی تعلق کے بعد جون 2024 میں شادی کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک انٹرویو کے دوران جینی سوارلین نے کہا کہ یہ تعلق صرف نوجوانوں کے لیے نہیں، درحقیقت اس عمر میں سب کچھ مل جانے کا احساس بہت زبردست ہے۔

ہیرولڈ ٹرینز کے خیالات بھی ایسے ہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ‘مجھے ہمیشہ لگتا تھا کہ دنیا کی عظیم ترین محبت کی داستان رومیو جولیٹ کی ہے، مگر وہ فکشن ہے، اور پھر میں نے فیصلہ کیا کہ محبت کی عظیم ترین داستان میری اور جینی کی ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘کیا 100 سالہ اور 96 سالہ افراد کبھی میرے اور جینی کی طرح ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوتے ہیں؟’ جینی سوارلین 2 بار بیوہ ہو چکی ہیں جبکہ ہیرولڈ ٹرینز کی اہلیہ شادی کے 70 سال بعد انتقال کرگئی تھیں۔

ہیرولڈ ٹرینز کے مطابق ‘بیوی کے انتقال کے بعد مجھے کسی سے ملاقات میں دلچسپی نہیں تھی، اس وقت میرا سوچنا تھا کہ زندگی میں رومان بہت ہوچکا’۔ مگر ان کے بہترین دوست نے زندگی میں آگے بڑھنے کی حوصلہ افزائی کی۔

ہیرولڈ ٹرینز نے بتایا کہ ‘جینی سے ملاقات کے دوران میرے ساتھ کچھ عجیب ہوا اور ایک دوسرے کو دیکھتے ہوئے میرا جسم کانپنے لگا، مجھ سے کچھ کھایا نہیں گیا، سانس لینا مشکل ہوگیا اور مجھے احساس ہوا کہ میں 98 سال کی عمر میں محبت میں گرفتار ہوگیا ہوں، اب میری عمر 100 سال سے زائد ہو چکی ہے اور مجھے لگتا ہے کہ اب میں پہلے سے زیادہ جینی سے محبت کرنے لگا ہوں’۔

ہیرولڈ ٹرینز کی 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے جبکہ جینی سوارلین کی بھی 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے، جبکہ دونوں کے متعدد پوتے پوتیاں، نواسے نواسیاں بھی ہیں۔ ہیرولڈ ٹرینز کے مطابق ان کی لمبی زندگی کا راز تناؤ کو کم از کم رکھنا ہے اور وہ ہمیشہ زندگی کے مثبت پہلوؤں پر توجہ مرکوز کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔