اُردو یونیورسٹی میں پروفیسر عین الحسن کے ہاتھوں شاپنگ کمپلیکس کا افتتاح

پروفیسر عین الحسن نے کہا کہ شاپنگ کمپلیکس کا خواب یہاں کے لوگوں نے دیکھا تھا اور کیمپس ڈیولپمنٹ کمیٹی نے انتہائی تیزی کے ساتھ اس کا آغاز کردیا۔

حیدرآباد: مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں مابعد کووڈ معمول کے حالات کی بحالی کے ایک اقدام کے طور پر کل شام شاپنگ کمپلیکس کا پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر عین الحسن نے کہا کہ شاپنگ کمپلیکس کا خواب یہاں کے لوگوں نے دیکھا تھا اور کیمپس ڈیولپمنٹ کمیٹی نے انتہائی تیزی کے ساتھ اس کا آغاز کردیا۔

انہوں نے کہا کہ یہاں پر ہم لوگ خیالات کا تبادلہ کرسکتے ہیں، اپنی تحقیق پر گفتگو کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کرکٹر محمد اظہر الدین کے حالیہ دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سابق کرکٹ کپتان نے اردو یونیورسٹی میں بہتر سہولیات کے ساتھ کرکٹ گراﺅنڈ کی تیاری کی پیشکش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جلد ہی اس کے لیے زمین کی نشاندہی کردی جائے گی، جہاں یونیورسٹی کے طلبہ کو بہترین کوچنگ اور پریکٹس کا موقع رہے گا۔ یہاں پر مستقبل میں آئی پی ایل کی پریکٹس بھی ہوسکتی ہے۔ جس سے طلبہ کو بہتر مواقع دستیاب ہوں گے۔

پروفیسر عزیز بانو، صدر نشین کیمپس ڈیولپمنٹ کمیٹی نے خیر مقدم کیا اور شاپنگ کمپلیکس کو کارکرد بنانے میں وائس چانسلر کی شخصی دلچسپی اور ترجیح کا شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر محمد فریاد، کنوینر کمیٹی نے اظہار تشکر کیا اور بطور خاص انہوں نے شاپنگ کمپلیکس کی بحالی کے لیے انجینئرنگ سیکشن، اسٹیٹ سیکشن سیکوریٹی و دیگر صیغہ جات کا شکریہ ادا کیا۔

پروفیسر فریاد نے بتایا کہ کمپلیکس میں طلبہ کے لیے مختلف اشیاءاور خدمات نہایت رعایتی قیمت پر دستیاب ہوں گی اور کمیٹی معیار پر بھی نظر رکھے گی۔ اس موقع پر مانو ڈرامہ کلب کے طلبہ نے جناب معراج احمد، کلچرل کوآرڈینیٹر کی ہدایت میں صفائی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ایک دلچسپ نکڑ ناٹک پیش کیا۔ ابتداءمیں پروفیسر عین الحسن نے ایک یادگار پودہ بھی لگایا۔

محترمہ بیگم عین الحسن بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ کیمپس ڈیولپمنٹ کمیٹی کے دیگر اراکین ڈاکٹر جمال الدین خان، جناب محمد فصیح الدین، ڈاکٹر سید حماد ہاشمی، ڈاکٹر ایم اے قدوس، جناب پی حبیب اللہ، جناب محمد شاہنواز قریشی اور جناب سید سرفراز علی بھی موجود تھے۔ بڑی تعداد میں طلبہ، اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔شاپنگ کمپلیکس میں اسٹیشنری، آفس مارٹ، گراسری اور پروویژنس، سیلون، لیڈیز ٹیلر، بیوٹی پارلر، فوڈ زون اور کیفیٹیریا وغیرہ جیسی سہولتیں دستیاب ہیں۔

ذریعہ
پریس نوٹ

تبصرہ کریں

Back to top button