مشرق وسطیٰ

غزہ کی ناکہ بندی اور فوجی کارروائیاں بند کروائی جائیں: سعودی ولیعہد

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات میں کہا کہ ہمیں غزہ میں اسرائیل کے فوجی آپریشن روکنے کے لیے کام کرنا چاہیے۔

ریاض: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات میں کہا کہ ہمیں غزہ میں اسرائیل کے فوجی آپریشن روکنے کے لیے کام کرنا چاہیے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اسرائیل کے دورے کے بعد سعودی عرب پہنچے اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ملاقات میں ولیعہد نے غزہ میں صورت حال کو پْرسکون رکھنے، موجودہ کشیدگی کو روکنے، غزہ پر محاصرہ ختم کرنے اور بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام کرنے سمیت استحکام اور بحالی کے کاموں پر زور دیا۔

سعودی ولی عہد نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ غزہ کا فوجی محاصرہ ختم کرکے لوگوں تک امداد پہنچائی جائے اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے عالمی کوششوں کو تیز کیا جائے۔ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن سے گفتگو میں مزید کہا کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں بند کروانا اور معصوم لوگوں کی جانیں بچانا پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔

ولی عہد محمد بن سلمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امن کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے ناجائز تسلط ختم کرکے فلسطینی عوام کو ان کے جائز حقوق فراہم کیے جائیں۔ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اتوار کو ریاض میں امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن سے ملاقات کی جس میں غزہ میں موجودہ فوجی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس ملاقات میں امریکا میں سعودی عرب کی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان اور وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بھی موجود تھے جب کہ سعودیہ میں امریکی سفیر مائیکل رتنی اور امریکی محکمہ خارجہ کے مشیر سمیت اہم حکام بھی موجود تھے۔