مہاراشٹرا

مہاراشٹرا میں صدرراج نافذ کرنے سنجے راوت کا مطالبہ

سنجے راوت نے شنڈے حکومت کی کابینہ میں توسیع نہ ہونے پر تنقید کی۔ سپریم کورٹ نے گذشتہ پیر کو مہاراشٹرا کے اسمبلی اسپیکر سے کہاتھا کہ وہ شیوسینا ارکان اسمبلی کو نااہل قراردینے کا کوئی فیصلہ نہ کریں۔

ممبئی: شیوسینا رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے شیوسینا کے باغی ارکان اسمبلی کی نااہلی کے تعلق سے سپریم کورٹ کی دستوری بنچ کا فیصلہ آنے تک مہاراشٹرا میں صدرراج کا مطالبہ کیا۔ سنجے راوت نے کابینہ کی تشکیل میں تاخیر پر ایکناتھ شنڈے حکومت پر طنزکیا۔

 انہوں نے کہا کہ 2.5لاکھ کی آبادی والا ملک باربڈوس 27 رکنی کابینہ رکھتا ہے جبکہ 12 کروڑ کی آبادی والی ریاست مہاراشٹرا میں کابینہ کے دو ارکان من مانی فیصلے کررہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیاکہ دستور کا پاس ولحاظ کہاں ہے؟ سنجے راوت نے ٹوئٹ کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ شیوسینا کے باغی ارکان اسمبلی کے تعلق سے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے تک ریاست میں صدرراج لگادیاجائے۔

کہاجارہا ہے کہ 18جولائی کو صدارتی الیکشن کے بعد مہاراشٹرا میں نئی مجلس وزراء بنے گی۔ بی جے پی کے ایک سینئر قائد نے کہا کہ کابینہ میں 20یا 21جولائی کو توسیع ہوسکتی ہے۔

سنجے راوت اتوار کے دن نئی دہلی میں تھے۔ انہوں نے شنڈے حکومت کی کابینہ میں توسیع نہ ہونے پر تنقید کی۔ سپریم کورٹ نے گذشتہ پیر کو مہاراشٹرا کے اسمبلی اسپیکر سے کہاتھا کہ وہ شیوسینا ارکان اسمبلی کو نااہل قراردینے کا کوئی فیصلہ نہ کریں۔