شمالی بھارت

ہندوستانی مسلمان زیادہ محفوظ اور بہتر حالت میں: نصیر الدین چشتی

سربراہ سید نصیر الدین چشتی نے کہا کہ میں پاکستانی وزیر خارجہ اور نائب وزیر خارجہ کی جانب سے ہمارے وزیر اعظم اور ہماری مادرِ وطن کے بارے میں استعمال کی گئی زہریلی زبان کی شدید مذمت کرتا ہوں۔

اجمیر: پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف شخصی تبصرہ پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے درگاہِ اجمیر کے ایک عالم نے کہا کہ ہندوستانی مسلمان پاکستانی مسلمانوں کے مقابلہ میں زیادہ محفوظ اور بہتر حالت میں ہیں۔

 آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل کے صدرنشین اور درگاہ اجمیر کے روحانی سربراہ سید نصیر الدین چشتی نے کہا کہ میں پاکستانی وزیر خارجہ اور نائب وزیر خارجہ کی جانب سے ہمارے وزیر اعظم اور ہماری مادرِ وطن کے بارے میں استعمال کی گئی زہریلی زبان کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ مسلم عالم نے مزید کہا کہ بھٹو نے نہ صرف اپنے عہدہ کے موقف کو گھٹا دیا ہے بلکہ اپنی ساری قوم کا درجہ بھی گھٹا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ ہندوستانی مسلمان پاکستانی مسلمانوں کے مقابل زیادہ محفوظ اور زیادہ بہتر حالت میں ہیں۔ بلاول بھٹو یہ بات فراموش کرچکے ہیں کہ دہشت گرد اسامہ بن لادن خود نہیں مرا تھا، بلکہ حکومت ِ پاکستان کی ناک کے نیچے امریکی فورسس نے اسے ہلاک کیا تھا۔

 انھوں نے پاکستانی وزیر خارجہ سے یہ بھی کہا کہ وہ کبھی بھی ہندوستان جیسے عظیم ملک کا اپنے غیرمستحکم ملک کے ساتھ تقابل نہ کریں۔ ہندوستانی دستور تمام مذاہب کو آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔