شمالی بھارت

طوفان بپرجوائے گجرات میں تباہی مچائے گا

پیش قیاسی کی گئی ہے کہ طوفان بائپر جوائے 15 جون کی شام گجرات کے سوراشٹرا اور کچ اور متصل پاکستانی ساحلوں مانڈوی (گجرات) اور کراچی کے درمیان جاکھوپورٹ (گجرات) سے گزرے گا۔

نئی دہلی: ہندوستانی محکمہ موسمیات(آئی ایم ڈی) نے منگل کے دن کہا کہ طوفان بپرجوائے بڑے پیمانہ پر تباہی کی صلاحیت رکھتا ہے اور امکان ہے کہ گجرات کے اضلاع کچ‘ دیوبھومی دوارکا اور جام نگر پر اس کا زیادہ اثر پڑے گا۔

متعلقہ خبریں
فلائی اوور پر رکی ہوئی بس کو ٹکر، 12 ہلاک۔ پی ایم فنڈ سے امداد کا اعلان(ویڈیو)
لیو اِن ریلیشن شپ: نیپالی خاتون کا بے دردانہ قتل
گجرات کے 2 دہشت گرد بھائیوں کو 10 سال قید بامشقت

پیش قیاسی کی گئی ہے کہ طوفان بپر جوائے 15 جون کی شام گجرات کے سوراشٹرا اور کچ اور متصل پاکستانی ساحلوں مانڈوی (گجرات) اور کراچی کے درمیان جاکھوپورٹ (گجرات) سے گزرے گا۔ اُس وقت 125 تا 150 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔

ڈائرکٹر جنرل آئی ایم ڈی مرتنجے مہاپاترا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ طوفان بھاری نقصان پہنچاسکتا ہے۔ اس کے نتیجہ میں 13 تا 15جون اضلاع کچ‘ دیوبھومی دوارکا‘ جام نگر اور پوربندر میں اکادکا مقامات پر 20 سنٹی میٹر سے زائد بارش ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 25 سنٹی میٹر سے زائد بارش ہوجائے تو کوئی تعجب نہ ہوگا۔ عام طورپر ان علاقوں میں جون میں اتنی بارش نہیں ہوتی۔ خطرہ ہے کہ نشیبی علاق زیرآب آجائیں گے۔ راجکوٹ‘ موربی اور جوناگڑھ میں موسلادھار بارش ہوگی۔ ان تمام اضلاع میں 15 جون کو 135کیلو میٹر کی فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔

تیز ہواؤں اور بارش سے کھڑی فصلوں‘ مکانوں‘ سڑکوں‘ برقی اورٹیلی فون کھمبوں کو بھاری نقصان پہنچ سکتا ہے۔ سڑکیں زیرآب آسکتی ہیں۔ مہاپاترا نے کہا کہ سوراشٹرا اور کچ کے ساحلوں پر 6 میٹر اونچی سمندری لہریں نشیبی علاقوں کو غرقاب کرسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایسے علاقوں سے لوگوں کا تخلیہ کرادینے کی سفارش کی ہے۔ بحیرہ ئ عرب میں 10 تا 14میٹر بلند لہریں آسکتی ہیں۔ آئی ایم ڈی نے سفارش کی ہے کہ 15 جون تک تمام سرگرمیاں جیسے تیل کی کھوج‘ بحری جہازوں کی آمدورفت اور مچھلیاں پکڑنا معطل کردیا جائے۔