حیدرآباد

اکلوتا بیٹا شادی کے 9 دن بعد سڑک حادثہ میں ہلاک

ویربھدرم اپنی بیوی پرانیتا کو لے کر حیدرآباد واپس ہورہا تھا کہ پتنگی ٹول پلازہ کے قریب اس کی تیز رفتار موٹر بائیک بے قابو ہو کر ٹول پلازہ بورڈ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں ویرابھدرم کی موقع پر ہی موت ہوگئی

حیدرآباد: تلنگانہ میں پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں 9 دن کا دلہا ہلاک اور دلہن شدید زخمی ہوگئی۔یہ حادثہ بھونگیر ضلع کے چوٹ اپل منڈل کے پتنگی ٹول پلازہ کے قریب پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق سوریہ پیٹ ضلع کے آتماکور سے تعلق رکھنے والا سیدلو اور اس کی بیوی وجیا حیدرآباد میں گزشتہ کئی برسوں سے مقیم تھے۔

سیدلو چوکیدار کا کام کرتا تھا۔شادی کے 20 سال بعد انھیں ایک بیٹا ویرابھدرم ہواجس کے25 سال مکمل ہونے کے بعد گزشتہ ایک ہفتے پہلے21 اگست کو 20 سالہ پرانیتا کے ساتھ اس کی شادی ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ ویرابھدرم ریلائنس جیو ڈیجیٹل اسٹور حمایت نگر میں کام کرتا تھا۔

شادی کے لئے اس نے 10 دن کی رخصت لی تھی۔ شادی کے بعد ویرابھدرم اپنی دلہن کو لے کر سسرال آتماکور گیا تھا اور رخصت ختم ہونے سے ایک دن قبل پیر کو ویربھدرم اپنی بیوی پرانیتا کو لے کر حیدرآباد واپس ہورہا تھا کہ پتنگی ٹول پلازہ کے قریب اس کی تیز رفتار موٹر بائیک بے قابو ہو کر ٹول پلازہ بورڈ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں ویرابھدرم کی موقع پر ہی موت ہوگئی

 جبکہ پرانیتا شدید زخمی ہوگئی جس کو حیدرآباد میں ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کردیا گیا۔ شادی کے 20 سال بعد پیدا اکلوتے بیٹا کی سڑک حادثہ میں موت پر سیدلو کے خاندان میں غم کی لہر دوڑ گئی۔