جرائم و حادثات

افسوسناک: پیرا ماؤنٹ کالونی ٹولی چوکی میں برقی شاک لگنے سے دو سگے بھائی اور ان کا دوست جاں بحق

بتایا گیا ہے کہ پیرا ماؤنٹ کالونی گیٹ نمبر ون کے پاس ایک مکان میں سمپ کی صفائی کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔

حیدرآباد: شہر کے پاش علاقے پیرا ماؤنٹ کالونی (ٹولی چوکی) میں آج رات پیش آئے ایک افسوسناک واقعہ میں تین مسلم نوجوانوں کی موت واقع ہوگئی۔

بتایا گیا ہے کہ پیرا ماؤنٹ کالونی گیٹ نمبر ون کے پاس ایک مکان میں سمپ کی صفائی کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔

حادثہ میں ہلاک ہونے والے تین مسلم نوجوانوں میں دونوں آپس میں سگے بھائی بتائے جاتے ہیں جبکہ تیسرا ان کا دوست تھا۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ پانی کی موٹر کا برقی تار کھلا تھا اور اسی وجہ سے شاید سمپ میں برقی رو دوڑ رہی تھی۔ لاعلمی میں ایک لڑکا سمپ میں اترتے ہی اسے برقی شاک لگا جسے بچانے کی کوشش میں دیگر دو نوجوانوں کی بھی برقی شاک لگنے سے موت واقع ہوگئی۔

ماہ رمضان کے دوران اور عیدالفطر کے قریب پیش آئے اس واقعہ سے نہ صرف ارکان خاندان میں بلکہ پورے علاقہ میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی۔ ہر کوئی نوجوان و نوعمر بچوں کی موت پر افسوس کا اظہار کررہا تھا۔

نوجوانوں کی شناخت 19 سالہ انس، 18 سالہ رضوان اور 16 سالہ رزاق کے طور پر کی گئی ہے۔

اطلاع ملتے ہی بنجارہ ہلز پولیس وہاں پہنچ گئی اور نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے عثمانیہ دواخانہ منتقل کیا۔ ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔