شمالی بھارت

مودی کا نام جی ایس ٹی رکھ دینا چاہیے:اسداویسی

اسداویسی نے کہا کہ ملک کے وزیر اعظم نے پنسل پر بھی جی ایس ٹی لگا دیا ہے۔ یعنی اگر بچہ اسکول میں اے فار ایپل لکھتا ہے تو اسے پنسل پر جی ایس ٹی ادا کرنا ہوگا۔

جھنجھنو: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی نے اشیاء و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کے حوالہ سے وزیراعظم نریندر مودی پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا نام بدل کر جی ایس ٹی رکھ دیا جانا چاہیے۔

اویسی نے یہ بات چہارشنبہ کی رات ضلع جھنجھنو کے نول گڑھ قصبہ کے بکرا منڈی علاقہ میں منعقدہ جلسہ عام میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے وزیر اعظم نے پنسل پر بھی جی ایس ٹی لگا دیا ہے۔ یعنی اگر بچہ اسکول میں اے فار ایپل لکھتا ہے تو اسے پنسل پر جی ایس ٹی ادا کرنا ہوگا۔

شمشان گھاٹ پر بھی جی ایس ٹی لگایا گیا ہے۔ اگر آپ زندہ رہے تو جی ایس ٹی اور مر گئے تو بھی جی ایس ٹی دینا ہی ہوگا۔ ایسے میں اب ملک کے وزیر اعظم کو اپنا نام جی ایس ٹی رکھ لینا چاہئے کیونکہ ہر چیز پر جی ایس ٹی لگا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب صرف سانس باقی ہے۔

آنے والے وقت میں وزیر اعظم اور ان کی پارٹی کے لوگ کہیں گے کہ ہندوستان کو وشو گرو بنانا ہے، اس لیے وہ سانس لینے پر بھی جی ایس ٹی لگانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو شکست دینے کی ضرورت صرف مسلمانوں کی نہیں بلکہ 36 برادریوں کی ہے۔