برقی شرحوں میں اضافہ کیخلاف بی جے پی کا آج سے احتجاج: کے لکشمن

حیدرآباد: تلنگانہ میں برقی شرحوں میں اضافہ کے فیصلہ کے خلاف بی جے پی ریاست بھر میں 25 مارچ سے احتجاج منظم کرے گی۔ صدر بی جے پی او بی سی مورچہ وسابق رکن اسمبلی ڈاکٹر کے لکشمن نے پارٹی دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے برقی شرحوں میں اضافہ سے متعلق حکومت تلنگانہ کے فیصلہ کو بد بختانہ قرار دیا-

کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے اس فیصلہ کے خلاف بی جے پی، کل جمعہ سے احتجاج کا سلسلہ شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ برقی شرحوں میں اضافہ جس پر یکم اپریل سے عمل آوری ہوگی، سے عوامی مسائل میں اضافہ ہوگا کیونکہ پہلے سے ہی کووڈ وبا کے اثرات سے عوام پریشان ہیں۔

ڈاکٹر لکشمن نے فیول اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ سے متعلق مرکز کے فیصلہ کی مدافعت کی اور تلنگانہ میں برقی شرحوں میں اضافہ سے متعلق ٹی آر ایس حکومت کے فیصلہ کی مخالفت کی۔

انہوں نے کہا کہ یو کرین اور روس جنگ کے سبب بین الاقوامی مارکٹ میں خام تیل کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جس کے سبب ملک میں فیول کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت، ایک لیٹر فیول پر33 روپے ویاٹ وصول کررہی ہے۔ ریاستی حکومت سے ویاٹ اور دیگر ٹیکسوں میں کمی کرتے ہوئے عوام کو راحت دینے کا مطالبہ کیا۔

Back to top button