بپن راوت، کلیان سنگھ اور دیگر کوپدم وبھوشن

کانگریس قائد غلام نبی آزاد، مغربی بنگال کے سابق چیف منسٹر بدھ دیب بھٹاچاریہ اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت کی نامور شخصیات ستیہ نڈیلا اور سندر پچائی کو پدم بھوشن سے نوازا گیا ہے۔

نئی دہلی: ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف آنجہانی جنرل بپن راوت اور اتر پردیش کے سابق چیف منسٹر اور راجستھان کے سابق گورنر آنجہانی کلیان سنگھ، گیتا پریس گورکھپور کے صدر آنجہانی رادھے شیام کھیمکا کو بعد از مرگ ملک کے دوسرے اعلیٰ ترین شہری اعزاز پدم وبھوشن سے نوازا گیا ہے۔

مہاراشٹرسے کلاسیکی گلوکارہ پربھا اترے کو بھی دوسرے اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

جبکہ کانگریس قائد غلام نبی آزاد، مغربی بنگال کے سابق چیف منسٹر بدھ دیب بھٹاچاریہ اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت کی نامور شخصیات ستیہ نڈیلا اور سندر پچائی کو پدم بھوشن سے نوازا گیا ہے۔

ان میں سے چار لوگوں کو پدم وبھوشن، 17 افراد کو پدم بھوشن اور 107 لوگوں کو پدم شری سے نوازا جائے گا۔

پی ٹی آئی کے بموجب مائیکروسافٹ کے سی ای اوستیہ ناڈیلا اورگوگل کے سندر پچائی جاریہ سال کے17 پدمابھوشن ایوارڈیافتگان میں شامل ہیں۔واضح رہے کہ پدمابھوشن، بھارت رتن اور پدماویبھوشن کے بعد ہندوستان کا تیسرااعلیٰ ترین سیویلین ایوارڈ ہے۔

پدما ایوارڈس مختلف شعبوں جیسے فنون لطیفہ، سماجی کام، امورعامہ،سائنس و انجینئرنگ، تجارت و صنعت،طب، ادب، تعلیم، اسپورٹس اورسیول سرویس میں غیرمعمولی خدمات پر دیئے جاتے ہیں۔

ہندوستانی نژاد امریکی بزنس اگزیکیٹیوز 54 سالہ ناڈیلا اور49 سالہ پچائی کو”تجارت و صنعت“ کے زمرہ میں ایوارڈ دیاگیاہے۔ ویکسین تیارکنندگان سیرم انسٹیٹیوٹ آف انڈیاکے سائرس پوناوالا اوربھارت بائیوٹیک کی جوڑی کرشناایلااورسچتراایلا کوپدمابھوشن سے نوازاگیاہے۔

دونوں کمپنیوں کی جانب سے تیارکی گئی ویکسینس کووی شیلڈاورکوویکسین سے ملک کووباء کے خلاف لڑائی میں تقویت حاصل ہوئی ہے۔ پدماشری ایوارڈیافتگان کی فہرست میں 107 شخصیتیں بشمول گلوکار سونونگم اوراولمپک گولڈمیڈل حاصل کرنے والے نیرج چوپڑہ شامل ہیں۔ واضح رہے کہ پدماشری چوتھااعلیٰ ترین سیویلین ایوارڈہے۔

حکومت نے سالانہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے یوم جمہوریہ تقریب سے ایک دن قبل ایوارڈ یافتگان کے ناموں کااعلان کیاہے۔ جاریہ سال پدما ایوارڈس کی فہرست میں 128 شخصیتیں شامل ہیں۔

’یو این آئی‘ کے بموجب سینئر کانگریس لیڈر اور سابق چیف منسٹر غلام نبی آزاد کو پدم بھوشن ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ہے۔جموں وکشمیر کے سابق چیف منسٹر اور کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد کو عوامی خدمات انجام دینے پر پدم بھوشن ایوارڈ دیا گیا ہے۔

دریں اثنا جموں وکشمیر کی متعدد شخصیات نے غلام نبی آزاد کو اعلیٰ سیول ایوارڈ پدم بھوشن سے نوازنے پر اُنہیں مبارکباد پیش کی ہے۔

ذریعہ
یو این آئی

تبصرہ کریں

Back to top button