بہار میں مسلمانوں کی آبادی بڑھ رہی ہے : امریندر پرتاپ سنگھ

بہار کے وزیر زراعت امریندر پرتاپ سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست میں ہندو فرقہ کی آبادی گھٹ رہی ہے اور مسلم آبادی بڑھ رہی ہے۔

پٹنہ: بہار کے وزیر زراعت امریندر پرتاپ سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست میں ہندو فرقہ کی آبادی گھٹ رہی ہے اور مسلم آبادی بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے ریاست میں آبادی پر کنٹرول کے لئے قانون بنانے کا مطالبہ کیا۔ انہو ں نے کہا کہ جب بھی مسلم آبادی بڑھی ہے اور ہندو آبادی گھٹی ہے‘ ملک بٹوارہ کی طرف بڑھا ہے۔

ہم نے دیکھا ہے کہ ریاست کے سیمانچل‘ متھلانچل اور کوشی علاقوں میں مسلم آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ ان علاقوں کے کئی دیہاتوں میں ہندو آبادی گھٹ رہی ہے۔

وہاں خطرناک سیاست ہوری ہے جو ہمارے لئے یقینا باعث ِ تشویش ہے۔ بی جے پی کوٹہ سے نتیش کمار حکومت میں وزیر بنے امریندر پرتاپ سنگھ نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ اس رجحان کے خاتمہ کے لئے آبادی کنٹرول قانون پر عمل آوری واحد راستہ ہے۔آبادی پر کنٹرول‘ ذات پات پر مبنی مردم شماری سے زیادہ اہم ہے۔

برسراقتدار اور اپوزیشن جماعتیں صرف ذات پات پر مبنی مردم شماری کی بات کررہی ہیں۔ وہ ایک مخصوص فرقہ کی بڑھتی آبادی کا تجزیہ کیوں نہیں کررہی ہیں۔ بی جے پی‘آبادی کنٹرول مسئلہ کو ملک میں کئی بار اٹھاچکی ہے۔

غور طلب ہے کہ بہار کی مخلوط حکومت میں شامل جنتادل یو اور ہندوستانی عوامی مورچہ‘ آبادی کنٹرول کے لئے کسی بھی قانون کے خلاف ہیں۔ وہ ہمیشہ ذات پات پر مبنی مردم شماری پر زور دیتی ہیں۔

تبصرہ کریں

Back to top button