بی جے پی ملک کو ایک اور بٹوارہ کی طرف ڈھکیل رہی ہے: محبوبہ مفتی

پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے آج بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ عوام کو مذہبی خطوط پر تقسیم کرتے ہوئے ملک کو ایک اور بٹوارہ کی طرف ڈھکیل رہی ہے۔

جموں: پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے آج بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ عوام کو مذہبی خطوط پر تقسیم کرتے ہوئے ملک کو ایک اور بٹوارہ کی طرف ڈھکیل رہی ہے۔

سابق چیف منسٹر جموں وکشمیر نے ملک کے اولین وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے ”سیکولر“ کردار اور ملک کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر لے جانے کے سلسلہ میں اُن کی ستائش کرتے ہوئے یہ الزام عائد کیا۔

محبوبہ نے یہاں آر ایس پورہ کے قریب پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا(بانی پاکستان محمد علی) جناح نے ماضی میں اِس ملک کو تقسیم کیا تھا لیکن آج ایک بار پھرملک کو فرقہ وارانہ خطوط پر تقسیم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ یہ لوگ (بی جے پی) ایک اور بٹوارہ چاہتے ہیں۔

سابق چیف منسٹر نے کہاکہ بابا ئے قوم مہاتما گاندھی کو ناتھورام گوڈسے نے ہلاک کیا تھا اور آج گوڈسے کے سینکڑوں اور ہزاروں حامی اُس کی آئیڈیالوجی پر عمل کررہے ہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ عوام کو بی جے پی اور دیگر فسطائی طاقتوں کے ناپاکا منصوبوں کا متحد ہوکر مقابلہ کرنا ہوگا۔

اگر ہم اِس مذہبی تقسیم کو پورا ہونے کی اجازت دیں تو بھگت سنگھ جیسے مجاہدین آزادی کی قربانیاں رائیگاں جائیں گی۔ اسی لئے گاندھی کو ایک بار پھر مرنے نہ دیں۔ اُنہوں نے کہاکہ اُن کی پارٹی گاندھیائی آئیڈیالوجی کو مرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ بی جے پی کو کشمیر میں کوئی جگہ نہیں ملے گی، اُنہوں نے کہا صرف اُن کے زرخرید ایجنٹس ہی یہاں پارٹی پرچم لہرارہے ہیں۔ جموں کیلئے ضروری ہے کہ وہ اُٹھ کھڑا ہو اور فرقہ پرست طاقتوں سے مقابلہ کرے۔ اُنہوں نے کہاکہ جموں تمام مذاہب اور عقائد کا گھر رہا ہے اور اِس شہر نے جموں وکشمیر کے ہر مقام سے تعلق رکھنے والے شخص کو اس کے مذہب یا عقیدہ کی پرواہ کئے بغیر قبول کیا ہے۔

تبصرہ کریں

Back to top button