کھیل

بمراہ کے تعلق سے شعیب اختر کی پیشن گوئی سچ ثابت ہوئی،پرانا ویڈیو وائرل

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں انہوں نے بمراہ کی کمر کی انجری کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ایک پروگرام میں انہوں نے جسپریت بمراہ کے بارے میں کہاکہ ان کا بولنگ ایکشن سامنے والا ہے۔

لاہور: ٹی 20 ورلڈ کپ سے پہلے ٹیم انڈیا کو ایک ایسا جھٹکا لگاہے جس کی تلافی کسی بھی طرح سے ممکن نہیں ہے۔ دراصل جسپریت بمراہ کمر کی چوٹ کی وجہ سے ورلڈکپ سے باہر ہوگئے ہیں۔

بمراہ انجری کی وجہ سے ایشیا کپ میں بھی نہیں کھیلے تھے لیکن این سی اے میں بحالی کے بعد انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں واپسی کی اور دو میچوں میں 6 اوور بھی کرائے تھے۔ لیکن جب وہ جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں آخری گیارہ میں نہیں تھے تو بی سی سی آئی نے بتایا تھاکہ انہیں کمر کی تکلیف کی شکایت ہے اور جمعرات کو بتایا گیاکہ ان کی چوٹ اتنی سنگین ہے کہ وہ ورلڈ کپ سے باہر ہوسکتے ہیں۔

ایسے میں پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں انہوں نے بمراہ کی کمر کی انجری کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ایک پروگرام میں انہوں نے جسپریت بمراہ کے بارے میں کہاکہ ان کا بولنگ ایکشن سامنے والا ہے۔

 اس ایکشن والے گیند باز اپنی کمر اور کندھوں کی مدد سے بولنگ کرتے ہیں۔ آپ فرنٹ آن ایکشن میں سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔ اس کیلئے انہوں نے ایسے بولرس کی مثال بھی پیش کی جن کا ایکشن فرنٹل تھا اور انہیں انجری کی وجہ سے کافی نقصان اٹھانا پڑا۔ اختر نے ویسٹ انڈیز کے سابق بولر ایان بشپ، نیوزی لینڈ کے بولر شین بانڈ کا نام لیا۔

انہوں نے کہاکہ آپ بمراہ کو تینوں فارمیٹ میں نہیں کھلاسکتے۔ میں نے ایان بشپ اور شین بانڈ کو اپنی کمر سے لڑتے ہوئے دیکھا اور دونوں فرنٹل ایکشن بولر تھے۔ بمراہ کو اب اس طرح سوچنے کی ضرورت ہے، میں نے ایک میچ کھیلا، ایک وقفہ لیا اور بحالی کیلئے گیا۔

 بمراہ کے بارے میں انہوں نے کہاکہ انہیں اچھی طرح سے انتظام کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر آپ اسے ہر میچ کھلائیں تو ایک سال میں وہ مکمل طورپر ٹوٹ جائے گا۔ اسے پانچ میں سے تین میچ دیں اور پھر آرام کرائیں۔

 اگر اسے طویل عرصہ تک کھیلنا ہے تو بمراہ کو اس چیز پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔ شعیب اختر کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے کیونکہ ان کی بات بالکل سچ ثابت ہوئی ہے۔ بمراہ کمر کی چوٹ کی وجہ سے پہلے ایشیا کپ اور اب ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر ہوچکے ہیں۔