شمالی بھارت

راجستھان کے الور میں سکھ شخص کو مار پیٹ، بال کاٹ دیئے گئے

راجستھان کے ضلع الور میں گردوارہ کے ایک سابق ”گرنتھی“ کو نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر مار پیٹ کی اور ان کے بال کاٹ دیئے۔

جئے پور: راجستھان کے ضلع الور میں گردوارہ کے ایک سابق ”گرنتھی“ کو نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر مار پیٹ کی اور ان کے بال کاٹ دیئے۔

واضح رہے کہ گرنتھی کسی بھی گردوارہ میں سکھوں کی مقدس کتاب ”شری گروگرنتھ صاحب“ پڑھ کر سنانے والے شخص کو کہا جاتا ہے۔

یہ واقعہ جمعرات کی شب اس وقت پیش آیا جب گرو بخش سنگھ موٹر سائیکل پر موضع الاوڑا جارہے تھے۔ ملزمین نے مدد حاصل کرنے کے بہانے انہیں روکا اور ان کی آنکھوں میں مرچ پاؤڈر ڈال دیا۔

انہوں نے گروبخش سنگھ کو مار پیٹ کی اور ان کے بال کاٹ دیئے۔ الور کی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس تیجسونی گوتم نے بتایا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ مبینہ معاشقوں پر موضع الاوڑا کے میو مسلمانوں اور سکھوں کے درمیان پرانی مخاصمت کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ اس ضمن میں رام گڑھ پولیس اسٹیشن میں ایک ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔