امریکہ و کینیڈا

2 ریاستی حل ہی اسرائیل ۔ فلسطین تنازعہ کا واحد راستہ: جوبائیڈن

بائیڈن نے مزید کہا کہ وہ اس معاملے پر مسلسل کام کر رہے ہیں اور اس وقت تک نہیں رکیں گے جب تک تین برس کے بچے سمیت یرغمالیوں کو رہا نہیں کیا جاتا۔

واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو پر واضح کر دیا ہے کہ دو ریاستی حل ہی اسرائیل فلسطین تنازع کا واحد راستہ ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چہارشنبہ کو کیلیفورنیا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم کو یہ بتایا ہے کہ غزہ پر قبضہ ’بڑی غلطی‘ ہو گی۔

متعلقہ خبریں
ویڈیو: اسرائیل میں حکومت کے خلاف ہنگامے پھوٹ پڑے
پرائمری انتخابات، بائیڈن کو اسرائیل۔غزہ جنگ پر مخالفت کا سامنا
مودی نے بائیڈن کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی
حماس کی شرائط منظور نہیں: نتن یاہو
جوبائیڈن 2024 کی یوم جمہوریہ پریڈ میں مدعو

ان کا کہنا تھا کہ وہ حماس کی جانب سے یرغمال اسرائیلیوں کی رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں تاہم اس کا مطلب امریکی فوج کو بھیجنا نہیں تھا۔ منگل کو وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر نے یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق ایک بیان دیا تھا کہ ’حوصلہ رکھیے، ہم آ رہے ہیں‘ لیکن اس بیان کے بارے میں سوال اٹھے کہ اس کا مطلب کیا ہے۔

بیان کی وضاحت سے متعلق جب ان سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ان کا مطلب تھا کہ وہ یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے اور ان کا مطلب وہاں فوج بھیجنے کا نہیں تھا۔ بائیڈن نے مزید کہا کہ وہ اس معاملے پر مسلسل کام کر رہے ہیں اور اس وقت تک نہیں رکیں گے جب تک تین برس کے بچے سمیت یرغمالیوں کو رہا نہیں کیا جاتا۔

قطر جہاں حماس کا سیاسی دفتر کام کر رہا ہے، عسکریت پسند تنظیم اور اسرائیلی عہدیداروں کے درمیان 240 سے زیادہ یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ثالثی کر رہا ہے۔ بائیڈن نے وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے اس بیان کو دہرایا کہ ایک ہسپتال کے نیچے حماس کا ہیڈکوارٹر ہے اور اِس نے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ کے سب سے بڑے ہسپتال الشفا میں فوجیوں کی محدود تعداد اور اسلحے کے ساتھ گیا تھا اور انہوں نے وہاں بمباری نہیں کی۔ چہارشنبہ کو اسرائیل نے کہا تھا کہ اس کی فوج کو الشفا ہستال میں تلاشی کے دوران حماس کے ہتھیار ملے ہیں۔ حماس نے اس اعلان کو ’جھوٹ‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا۔