تلنگانہ کے کسی بھی حلقہ میں شب بسری کرنے سے یوگی آدتیہ ناتھ کا انکار

سینئر بی جے پی قائد وسابق رکن کونسل این رام چندر راؤ کے مطابق یوگی آدتیہ ناتھ سے ریاست کے119 اسمبلی حلقوں میں سے کسی ایک حلقہ میں یکم جولائی کو شب بسری کرنے کی خواہش کی گئی تاہم اس اپیل کو قبول نہیں کیا ہے۔

حیدرآباد: بی جے پی تلنگانہ نے چیف منسٹر اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ سے تلنگانہ میں کسی ایک اسمبلی حلقہ میں شب بسری کرنے کی خواہش کی ہے۔ سینئر بی جے پی قائد وسابق رکن کونسل این رام چندر راؤ کے مطابق یوگی آدتیہ ناتھ سے ریاست کے119 اسمبلی حلقوں میں سے کسی ایک حلقہ میں یکم جولائی کو شب بسری کرنے کی خواہش کی گئی تاہم اس اپیل کو قبول نہیں کیا ہے۔

 اس کے علاوہ بی جے پی کی جانب سے قومی اراکین عاملہ کو تلنگانہ کے اسمبلی حلقہ جات میں 30جون سے 2جولائی تک قیام کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی کی جانب سے سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر پھڈ نویس اور مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر سے بھی جی ایچ ایم سی حدود میں واقع اسمبلی حلقوں میں قیام کرنے کی خواہش کرنے کا منصوبہ ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ مرکزی وزیر کرن  رجیجو بھی کسی ایک اسمبلی حلقہ میں قیام کریں گے۔ ان کے علاوہ بی جے پی کے زیر حکومت ریاستوں کے ڈپٹی چیف منسٹرس بھی تلنگانہ کے مختلف اسمبلی حلقوں میں قیام کرسکتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق حیدرآباد میں مقیم ملک کے مختلف علاقوں کے عوام سے بی جے پی قائدین کی ملاقات کے لئے اجلاس منعقد کئے جانے کی بھی توقع ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ 2جولائی کو نواٹیل ہوٹل حیدرآباد انٹر نیشنل کنونشن سنٹر میں بی جے پی کے قومی عاملہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوں گا۔ اور 3جولای کو پریڈگراونڈس سکندرآباد میں وزیر اعظم مودی ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

بی جے پی کے اس اجلاس میں شرکت کیلئے ملک کے طویل وعرض سے پارٹی قائدین کی جھرمٹ حیدرآباد آئیگی اور پارٹی ان قائدین کی موجودگی سے صدفیصد استفادہ کرنا چاہتی ہے۔

تبصرہ کریں

Back to top button