دہلی

سی سی ٹی وی اور اسٹرانگ روم جیولری شوروم میں 25 کروڑ کی ڈکیتی کو روکنے میں کیسے رہے ناکام؟

حکام نے بتایا کہ چور، چار منزلہ عمارت کی چھت سے داخل ہوئے اور گراؤنڈ فلور پر پہنچے جہاں اسٹرانگ روم واقع ہے۔ پھر وہ دیوار میں سوراخ کر کے اسٹرانگ روم میں داخل ہوئے جہاں زیورات رکھے گئے تھے۔

نئی دہلی: جنوبی دہلی کے جنگ پورہ میں سارق، زیورات کے ایک شوروم میں گھس کر 20-25 کروڑ روپے مالیتی زیورات لے کر فرار ہو گئے۔ یہ واقعہ اتوار کی شام اور آج صبح کے درمیان بھوگل علاقے کے عمراؤ سنگھ جیولرس میں پیش آیا۔

سرقہ کی واردات انجام دینے سے قبل سی سی ٹی وی کیمروں کے کنکشن کاٹ دیئے گئے تھے۔ منصوبے کے تحت اسٹرانگ روم (لاکر) میں ایک سوراخ کر دیا گیا جس کے بعد بڑے پیمانے پر ڈکیتی ہوئی۔

حکام نے بتایا کہ چور، چار منزلہ عمارت کی چھت سے داخل ہوئے اور گراؤنڈ فلور پر پہنچے جہاں اسٹرانگ روم واقع ہے۔ پھر وہ دیوار میں سوراخ کر کے اسٹرانگ روم میں داخل ہوئے جہاں زیورات رکھے گئے تھے۔

وہ اسٹرانگ روم میں موجود زیورات کے علاوہ شو کیسوں میں رکھے زیورات بھی لے کر فرار ہوگئے۔

شوروم کے مالک جنہوں نے اتوار کی شام شوروم کو تالا لگایا تھا، آج صبح شوروم کھولنے پر چوری کا پتہ چلا۔ پیر کو وہ دکان بند رکھتے ہیں۔

پولیس، کنکشن منقطع کرنے سے پہلے سی سی ٹی وی میں ریکارڈ ہونے والی ہر چیز کو دیکھ رہی ہے۔ ابھی تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اسی طرح کا واقعہ کل ہریانہ کے امبالہ میں پیش آیا جہاں چوروں نے ایک کوآپریٹو بینک میں گھس کر زیورات اور دیگر قیمتی سامان چوری کر لیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ انہوں نے بینک میں داخل ہونے کے لئے گیس کٹر کا استعمال کرتے ہوئے دیوار میں سوراخ کیا اور 32 لاکرز کو توڑ دیا۔ یہ چوری پیر کی صبح ہی سامنے آئی کیونکہ ویک اینڈ کے باعث بینک دو دن سے بند تھا۔