جرمن سلامتی و خارجہ پالیسی مشیر کا دورہ ہند، جئے شنکر اور دیگر قائدین سے ملاقات

جرمن عہدیدار نے معتمد خارجہ ہرش وردھن شرنگلا کے ساتھ بھی بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر گفتگو کی۔ جئے شنکر نے ٹویٹ کیا کہ جرمن چانسلر کے خارجہ اور سلامتی پالیسی مشیر کے ساتھ آج دوپہر ملاقات ہوئی۔

نئی دہلی: وزیرخارجہ ایس جئے شنکر اور قومی سلامتی مشیر اجیت دوول نے آج جرمن سیکوریٹی اور خارجہ پالیسی مشیر جینس پلاٹنر سے علحدہ علحدہ  بات چیت کی اور یوکرین میں جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والی سیاسی و جغرافیائی ہلچل اور کلیدی باہمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ واضح رہے کہ پلاٹنر ہندوستان کے ایک روزہ دورہ پر آئے ہوئے ہیں اور پھر وہ جاپان کا سفر کریں گے۔

 جرمن عہدیدار نے معتمد خارجہ ہرش وردھن شرنگلا کے ساتھ بھی بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر گفتگو کی۔ جئے شنکر نے ٹویٹ کیا کہ جرمن چانسلر کے خارجہ اور سلامتی پالیسی مشیر کے ساتھ آج دوپہر ملاقات ہوئی۔ ہماری بات چیت یوکرین کی صورتحال پر مرکوز رہی۔ بات چیت سے پہلے جینس پلاٹنر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ دنیا کو  یوکرین پر روس کے حملہ کے جغرافیائی و سیاسی مضمرات کو سمجھنا چاہئے اور اگر اسے نہیں روکا گیا تو اس کے وسیع تر مضمرات ہوں گے۔

 جرمن عہدیدار نے کہا کہ ان کا ملک یوکرین میں فوری جنگ بندی کا خواہاں ہے اور وہ بحران پر اپنی حکومت کے نکتہ نظر سے واقف کروانے ہندوستان آئے ہوئے ہیں۔ پلاٹنر نے روس کے خلاف مغربی تحدیداد کے اثرات کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا اور روسی کاروائی کو ”شرمناک اور بلااشتعال“ عالمی قواعد کی خلاف ورزی قرار دیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے ٹویٹر پر کہا کہ ان (جئے شنکر اور پلاٹنر) کی ہند ۔جرمنی اسٹراٹیجک شراکت داری پر وسیع تر بات چیت ہوئی اور انہوں نے باہمی دلچسپی کے عالمی وعلاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

ذریعہ
پی ٹی آئی

تبصرہ کریں

Back to top button