تلنگانہ

کانگریس کی قانونی امداد‘ اگنی پتھ اسکیم کیخلاف ایجی ٹیشن میں گرفتار 55 نوجوانوں کی ضمانت منظور

تلنگانہ کانگریس کی قانونی امداد سے اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ایجی ٹیشن میں گرفتار 55 نوجوانوں کی رہائی کی راہ ہموارہوئی ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کانگریس کی قانونی امداد سے اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ایجی ٹیشن میں گرفتار 55 نوجوانوں کی رہائی کی راہ ہموارہوئی ہے۔

عدالت نے 55 گرفتار نوجوانوں کی ضمانت کی درخواستوں کو آج منظوری دیدی۔ضمانت کی شرائط کی تکمیل کے بعدآج شام یا کل تک یہ نوجوان چنچل گوڑہ جیل سے رہاہوجائیں گے۔

صدرٹی پی سی سی ریونت ریڈی نے اپنے ایک ٹوئٹر بیان میں کہاکہ مودی حکومت کی اگنی پتھ اسکیم سے لاکھوں نوجوانوں کامستقبل تباہ ہورہا ہے۔

اگنی پتھ اسکیم کے خلاف سکندرآباد ایجی ٹیشن کے دوران ایس سی‘ایس ٹی طبقات سے تعلق رکھنے والے 55نوجوانوں کوگرفتار کرکے جیل ریمانڈکیاگیاتھا۔

انہوں نے خودجیل پہنچ کر نوجوانوں سے ملاقات کی تھی اوران کی ضمانت پررہائی کے لئے قانونی مددفراہم کرنے کا تیقن دیا تھا۔

چنانچہ کانگریس کی لیگل ٹیم نے قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے ان نوجوانوں کی ضمانت پررہائی کے راہ ہموارکردی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ کانگریس پارٹی ہمیشہ نوجوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔