جوبلی ہلز میں تیز رفتار ایس یو وی کی ٹکر سے شیر خوار ہلاک

حیدرآباد:شہر کے پاش علاقہ جو بلی ہلز میں تیز رفتار ایک ایس یو وی نے پھیری والوں کو ٹکردے دی جس کے نتیجہ میں دوماہ کا ایک شیر خوار ہلاک دیگر4زخمی ہوگئے۔

جمعرات کی شب جوبلی ہلز میں روڈ نمبر45 پر کیبل برج کے قریب تیز رفتار کار نے غبارے فروخت کرنے والی خواتین کے ایک گروپ کو ٹکردے دی۔ پولیس کے مطابق کیبل برج عبور کرنے کے بعد ایس یو وی نے جو مادھا پور سمت سے آرہی تھی،

فٹ پاتھ پر وینڈرس (پھیری والوں) کو ٹکر دے دی۔ جس کی وجہ سے ماں کی گودمیں موجود دوماہ کا شیر خوار گرپڑا بعدازاں قریبی ہاسپٹل میں اسے مردہ قرار دیا گیا۔

تین خواتین اور ایک سال کا بچہ، ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں۔ تمام متاثرین مہاراشٹرا کے متوطن بتائے گئے ہیں جو محنت مزدوری کیلئے شہر منتقل ہوئے تھے۔

وہ غبارے فروخت کرتے ہوئے گذر بسر کررہے تھے۔حادثہ کے بعد ڈرائیور نے گاڑی چھوڑکر راہ فرار اختیار کی۔ اس گاڑی کا عارضی ٹی / آر رجسٹریشن ہے۔ مہندرا تھار کی اس ایس یو وی پر رکن اسمبلی کا اسٹیکر چسپاں ہے۔

جوبلی ہلز انسپکٹر راج شیکھر ریڈی نے بتایا کہ یہ گاڑی ایک کنسٹرکشن کمپنی کے نام پر رجسٹر پائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ڈرائیور کی تلاش کی جارہی ہے۔

اس ایس یو وی پر ایم ایل اے کا اسٹیکر چسپاں ہے بتایا جاتا ہے کہ یہ گاڑی رکن اسمبلی بودھن عامر شکیل کی ہے۔عامر شکیل جو اس وقت دبئی میں ہیں، نے وضاحت کی کہ انہوں نے ایک اسٹیکر اپنے ایک دوست کو دیاتھا مگر انہیں اس بات کا علم نہیں ہے کہ اس گاڑی سے حادثہ ہوا ہے اُس پر یہی اسٹیکر ہے یا نہیں؟۔

Back to top button