حیدرآباد میں درجہ حرارت میں اضافہ، کئی مقامات پر چلچلاتی دھوپ

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ دو دنوں کے دوران تلنگانہ کے دارالحکومت میں اعظم ترین درجہ حرارت40ڈگری سے تجاوز کرجائے گا۔ منگل کو شہر کے کئی مقامات پر چلچلاتی دھوپ دیکھی گئی۔

حیدرآباد: شہرحیدرآباد میں درجہ حرارت میں روز بروز اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ دو دنوں کے دوران تلنگانہ کے دارالحکومت میں اعظم ترین درجہ حرارت40ڈگری سے تجاوز کرجائے گا۔ منگل کو شہر کے کئی مقامات پر چلچلاتی دھوپ دیکھی گئی۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے مطابق شہر کے ایل بی نگر میں اعظم ترین درجہ حرارت 40.2ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔

عادل آباد،کومرم بھیم آصف آباد، منچریال، نظام آباد، جئے شنکر بھوپال پلی، راجنا سرسلہ اورنرمل اضلاع میں آئندہ چار دنوں کے دوران شدید گرمی کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ان اضلاع میں درجہ حرارت 40تا 45ڈگری سلسیس درج ہونے کا امکان ہے۔حیدرآباد اور اس سے متصل ضلع رنگاریڈی کیلئے ایلوالرٹ جاری کیاگیا ہے جہاں امکان ہے کہ درجہ حرارت تقریبا 40ڈگری سلسیس درج کیاجائے گا۔ گرمی سے بچنے کے لئے لوگ مختلف تدابیر اختیار کررہے ہیں۔

دوپہر کے وقت سڑکوں پر ٹرافک میں کمی دیکھی جارہی ہے۔واٹر کولرس، ایر کولرس کے علاوہ تھنڈی مشروبات کی فروخت میں بھی کافی اضافہ ہوگیا ہے۔ڈاکٹرس نے چھوٹے بچوں اور ضعیف افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گھروں میں ہی رہیں۔عوام کا کہنا ہے کہ گذشتہ برسوں کے مقابلے اس مرتبہ گرمی کافی ہے۔صبح 9بجے سے ہی شدید گرمی کا آغاز ہورہا ہے جو دوپہر میں اپنے عروج پر دیکھی جارہی ہے۔

ذریعہ
یواین آئی

تبصرہ کریں

Back to top button