حیدرآباد میں رمضان المبارک کے عظیم الشان اور روح پرور اجتماعات

شہر حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد کے علاوہ دیگر اہم مساجد جیسے شاہی مسجد باغ عامہ، یکمنار کی مسجد، مالاکنٹہ کی مسجد اور دیگر مساجد میں نماز تراویح کے دلکش مناظر دیکھے جارہے ہیں۔ ساتھ ہی مصلیوں سے مساجد کی رونق بڑھ گئی ہے۔

حیدرآباد: شہر حیدرآباد کی مساجد، زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں رمضان کے عظیم الشان اور رُوح پرور اجتماعات دیکھے جارہے ہیں۔ لاکھوں کی تعداد میں فرزندان توحید تراویح، شب خوانی، ذکر واذکار، توبہ، استغفار،قرآن خوانی، نمازوں کی ادائیگی اور درس قرآن کی مجالس میں مصروف ہیں۔ علمائے کرام کی جانب سے بابرکت ماہ صیام کی رحمتوں، برکتوں، سعادتوں اور فضیلتوں پر تفصیلی روشنی ڈالی جارہی ہے۔

شہر حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد کے علاوہ دیگر اہم مساجد جیسے شاہی مسجد باغ عامہ، یکمنار کی مسجد، مالاکنٹہ کی مسجد اور دیگر مساجد میں نماز تراویح کے دلکش مناظر دیکھے جارہے ہیں۔ ساتھ ہی مصلیوں سے مساجد کی رونق بڑھ گئی ہے۔شہر کی مساجد کو روشنیوں سے منور کیاگیا ہے اور لوگ خشوع وخضوع کے ساتھ عبادات کر رہے ہیں۔مساجد میں افطار کا بھی اہتمام کیاجارہا ہے۔فضائل رمضان پر خطابات،خصوصی وظائف،دعاوں اور تہجد کا سلسلہ بھی مساجد میں جاری ہے۔

رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے موقع پر عوام تاریخی مکہ مسجد کے حوض میں وضو کرتے ہوئے۔(تصویر: سید عمر)

ا ن اجتماعات میں علماء کی جانب سے اس مقدس ماہ میں نزول قرآن کی عظمت اور صاحب قرآن ﷺ کی عظمت کے ساتھ ساتھ مقاصد رمضان اور پیغام رمضان کی عالمانہ طرز و انداز میں تشریح کی جارہی ہے۔لوگ ان خطابات سے بھر پور استفادہ کررہے ہیں۔عمائدین ملت اور زعمائے ملت نے کہا کہ رمضان وہ مہینہ ہے جس کا پہلا عشرہ رحمت،دوسرا عشرہ مغفرت اور تیسرا عشرہ نجات کا ہے۔ آقائے نامدار پیغمبر آخر الزماں (ص) کی جانب سے ماہ مقدس رمضان کے استقبال اور اس ماہ کے فیوض وبرکات کا تقاریر میں تفصیلی احاطہ کیاجارہا ہے۔

علما نے کہا کہ ماہ رمضان کی ایک ایک ساعت قیمتی ہے۔ یہ ماہ دراصل انسان کو خالق کائنات سے جوڑنے اور نیک بننے کے ساتھ ساتھ روح کی پاکیزگی،تقوی، پرہیزگاری اور خود کو نمونہ عمل بناتے ہوئے رمضان میں اختیارکردہ ماڈل کو سارے سال جاری وساری رکھنے کی ایک مشق ہے۔یہ بندوں کے لئے خالق کائنات کی طرف سے ایک بے نظیر تحفہ ہے جو دراصل انسانی فکر اور شعور کے انقلاب کو ایک اہم موڑدیتا ہے۔

رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے موقع پر تاریخی مکہ مسجد میں نماز کا منظر۔(تصویر: سید عمر)

علما نے کہاکہ قرآن مجید ہمارے لئے مرکز، منبع اور محور ہے۔ہماری تقدیر اس وقت تک نہیں بدلے گی جب تک اس قرآن کے ساتھ ہم اپنے تعلق کو از سر نو مضبوط نہیں کرلیتے۔ہمارے عروج و بلندی کے لئے اگرکوئی زینہ ہے تو وہ قرآن مجید ہے اورذلت ورسوائی سے نجات کا کوئی راستہ ہے تو وہ قرآن ہے۔ہماری قسمت اسی کتاب سے وابستہ ہے۔اگر کوئی راستہ کھلے گا تو اسی کے ذریعہ کھلے گا۔ماہ رمضان اور قرآن مجید کا تعلق نمایاں ہے۔

رمضان المبارک کے موقع پر چوک کی مسجد میں افطار کا منظر۔ (تصویر: سید عمر)

اس ماہ میں عبادات کے ساتھ ساتھ طاق راتوں کی تلاش،تحقیق اور خداکو پانے کی جستجو اورتڑپ ہم میں پیدا ہونی چاہئے۔سماج اور معاشرہ کی بگڑتی صورتحال، دین سے دوری، اسلامی شعائر،دین کی بنیادی تعلیمات سے ناواقفیت، بے راہ روی کے بڑھتے ہوئے منفی رحجانات گھریلو تشدد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے علما نے معاشرے کی ہمہ جہت اصلاح کیلئے والدین، اساتذہ،معزز شہریوں اور سماج کے باشعور افراد سے تعاون طلب کیاتاکہ ہماری نئی نسل کا دینی،تعلیمی مستقبل روشن اور درخشاں ہو اور ایک اسلامی و فلاحی معاشرہ وجود میں آسکے۔

رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی لوگ عطریات کی خریداری کرتے ہوئے۔ (تصویر: سید عمر)

رمضان کریم کی مناسبت سے حکومت کی جانب سے بھی وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں تمام مساجد اور اس کے اطراف کے علاقوں میں صفائی کے انتظامات کے علاوہ روشنی اور سڑکوں کی مرمت کاکام کیا گیا ہے۔ حیدرآباد میں رات کے اوقات جاری رہنے والے بازاروں کے پاس سیکورٹی کے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔

ذریعہ
یواین آئی

تبصرہ کریں

Back to top button