ایودھیا کے سادھو، اسد اویسی پر برہم

پارٹی کے پوسٹرس پر ایودھیا کے بجائے فیض آباد تحریر کیا گیا ہے۔ سنتوں نے کہا کہ یہ شرپسندی دانستہ طور پر کی گئی ہے جس کا مقصد مذہبی بنیادوں پر عوام کو بانٹ دینا ہے۔

ایودھیا: ایودھیا کے سادھوسنتوں نے7ستمبر کو آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر بیرسٹر اسد الدین اویسی کے دورہئ ایودھیا کی مخالفت کی ہے کیونکہ ان کی پارٹی کے پوسٹرس پر ایودھیا کے بجائے فیض آباد تحریر کیا گیا ہے۔

یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے2018میں فیض آباد کا نام بدل کر ایودھیا رکھا ہے۔ سنتوں نے ایودھیا میں ان کے قدم رکھنے پر روک لگادینے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ یہ شرپسندی دانستہ طور پر کی گئی ہے جس کا مقصد مذہبی بنیادوں پر عوام کو بانٹ دینا ہے۔

سنتوں نے یہ بھی دھمکی دی ہے کہ وہ ان کی ریالی کو روک دیں گے جو ”سوشیت ونچت سماج سمیلن“ کی جانب سے منعقد کی جارہی ہے۔

اسد الدین اویسی 7ستمبر کو ایک مسلم اکثریتی علاقہ”ردالی“ میں جلسہ عام سے خطاب کرنے والے ہیں جو رام جنم بھومی سے تقریباً40کلو میٹر دور ہے۔

ہنومان گڑھی  کے مہنت راجو داس نے کہا کہ اویسی‘ایودھیا کا نام تبدیل کرتے ہوئے فیض آباد کیوں کر رہے ہیں۔ ہم ان کے فرقہ وارانہ نظریات کو مسترد کرتے ہیں اور پوسٹر نکالنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

تپسوی چھاؤنی کے مہنت پرم ہنس داس نے کہا کہ اویسی کا یہ ہندو دشمن اقدام چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کی بھی توہین ہے۔اگر فیض آباد نام کے ساتھ لگائے گئے پوسٹرس نہیں نکالے جائیں تو ایودھیا میں اویسی کے داخلے کو روک دیا جائے گا اور ردالی میں مقرر جلسہ عام کو درہم برہم کردیا جائے گا۔

ایودھیا ملکیت تنازعہ کے ایک قدیم مدعی  اقبال انصاری نے بھی ایودھیا میں ا سد الدین اویسی کی سیاسی پیشرفت کی مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اویسی سے چوکنا رہنا چاہئے۔اویسی کو حیدر آباد سے جڑے رہنا چاہئے۔

انہیں اترپردیش کے لاکھوں مسلمانوں کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی ضرورت نہیں۔میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ان کی تفرقہ پسندی کی سیاست میں نہ الجھیں۔

اسی دوران اے آئی ایم آئی ایم کے ضلع صدر شاہنواز صدیقی نے کہا کہ ہمیں فیض آباد کو اس کے پرانے نام سے پکارنے کی عادت ہے۔ نیا نام زبان زد ہونے کیلئے وقت درکارہوتا ہے۔یہ ایک چھوٹا سا مسئلہ ہے اور اسے بڑھا چڑھا کر پیش نہیں کیا جانا چاہئے۔

(آئی اے این ایس)

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.