کھیل

حارث رؤف کی گیند پر ویراٹ کوہلی کا چھکا، ٹی20 کرکٹ کا بہترین شاٹ

انہی میں سے ایک فیصلہ کن اور ڈرامائی لمحہ وہ تھا جب عالمی شہرت یافتہ ہندوستانی بلے باز ویراٹ کوہلی نے پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی ایک گیند پر چھکا مارتے ہوئے گیند کو لانگ آف باؤنڈری لائن سے باہر بھیج دیا۔

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور ہندوستان کے میچ میں عالمی شہرت یافتہ ہندوستانی بلے باز ویراٹ کوہلی کے پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی گیند پر مارے گئے چھکے کو ٹی20 کی تاریخ کا بہترین شاٹ قرار دے دیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 میں کئی ڈرامائی، دلچسپ اور سنسنی خیز لمحات اور مناظر دیکھے گئے لیکن ان میں کچھ مواقع ایسے تھے جو فیصلہ کن ثابث ہوئے اور ان لمحات نے میچ کے نتائج پر گہرا اثر ڈالا۔

انہی میں سے ایک فیصلہ کن اور ڈرامائی لمحہ وہ تھا جب عالمی شہرت یافتہ ہندوستانی بلے باز ویراٹ کوہلی نے پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی ایک گیند پر چھکا مارتے ہوئے گیند کو لانگ آف باؤنڈری لائن سے باہر بھیج دیا۔

ایک ایسے وقت میں جب ہندوستانی کرکٹ ٹیم مشکلات کا شکار نظر آرہی تھی اور ایسا لگتا تھا کہ اب بہت دیر ہوچکی کیونکہ ہندوستان کو صرف 8 گیندوں پر 28 کی ضرورت تھی جبکہ حارث رؤف نے بھی شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے 4 اوورز کی آخری دو گیندیں کرانے سے قبل تک صرف 24 رنز دیے تھے لیکن اس مرحلے پر ویراٹ کوہلی نے اپنی مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے ہندوستان کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

حارث رؤف کی جانب سے بھرپور رفتار سے کرائی گئی اس گیند کو کھیلنا اتنا آسان نہیں تھا لیکن ہندوستانی اسٹار نے جس طرح اس گیند کو کھیلا، وہ بال اس طرح کے برتاؤ کی مستحق نہ تھی۔ اسٹار بلے باز نے گیند کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ کی باؤنڈری لائن سے باہر پھینک کر اسے کرکٹ کی تاریخ کے یادگار لمحات میں سے ایک بنا دیا۔

اگلی ہی گیند پر ایک اور چھکا اچانک ہی ہندوستان کو میچ میں واپس لے آیا اور ان کی پوزیشن مضبوط کردی اور اگلے اوور میں ہندوستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح اپنے نام کی۔