جموں وکشمیر میں تصادم ، فوج کے 2 رائفل مین ،ایک دہشت گرد ہلاک

رات میں نعشیں برآمد نہیں ہوسکی تھیں جس کی وجہ سے ان کی شناخت کے بارے میں اُلجھن پیدا ہوئی۔ فائرنگ کا زبردست تبادلہ ہوا تھا۔

جموں: فوج نے جمعہ کے دن توثیق کی کہ پونچھ کے میندھر سیکٹر میں بندوقوں کی لڑائی میں ہلاک 2 فوجی رائفل مین تھے۔ ان میں کوئی بھی جونیر کمیشنڈ آفیسر(جے سی او) نہیں تھا۔ رائفل مین 25 سالہ وکرم سنگھ نیگی اور 27 سالہ یوگمبر سنگھ‘ اتراکھنڈ کے رہنے والے تھے۔

یہ دونوں جمعرات کے دن خط قبضہ (ایل او سی) پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں زخمی ہوئے تھے۔ رات میں نعشیں برآمد نہیں ہوسکی تھیں جس کی وجہ سے ان کی شناخت کے بارے میں اُلجھن پیدا ہوئی۔ فائرنگ کا زبردست تبادلہ ہوا تھا۔ نیگی‘ ضلع تہری گڑھوال اور سنگھ‘ ضلع چمولی کا رہنے والا تھا۔

جنوبی ضلع پلوامہ کے وحی بگ میں جمعہ کی شام سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان ایک تصادم میں ایک مقامی جنگجو مارا گیا ہے۔ ایک پولیس ترجمان نے کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کے حوالے سے کہا کہ مہلوک حالیہ شہری ہلاکتوں میں ملوث تھا۔

انہوں نے کہا مہلوک کی شناخت شاہد بشیر شیخ ساکن سری نگر کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ پی ڈی ڈی ملازم محمد شفیع ڈار، جنہیں رواں ماہ کی دو تاریخ کو ہلاک کیا گیا تھا، کی ہلاکت میں ملوث تھا۔ اس ہلاکت میں اے کے 47 کا استعمال کیا گیا تھا۔ ایک اے کے 47 رائفل اور دیگر اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے’۔

قبل ازیں سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوئوں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر فوج کی آر آر، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے جمعہ کی شام پلوامہ کے وحی بگ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم ایک مشتبہ جگہ کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے جنگجوئوں نے اس پر فائرنگ شروع کر دی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز عہدیداروں نے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔

ذریعہ
یواین آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.