دفعہ 370 کی بحالی کے لئے سبھی سیاسی پارٹیوں کو متحد ہونے کی ضرورت:محبوبہ مفتی

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو اس وقت گونا گوں مصائب و مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، بے روزگاری نے سنگین رخ اختیار کیا ہوا ہے اور حکومت کی جانب سے صرف دعوئے کئے جارہے ہیں جو زمینی سطح پر اس کے برعکس ہیں۔

جموں: جموں وکشمیر پیپلز ڈیموکرٹیک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور سابق چیف منسٹر محبوبہ مفتی نے حیدر پورہ مبینہ انکاونٹر میں مارے گئے رام بن کے نوجوان کی لاش کو لواحقین کے سپرد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے ٹکڑے کرنے کے بعد اب کانگریس کو بھی دو پھاڑ کرنے کی سعی کی جارہی ہے۔ان باتوں کا اظہار انہوں نے نیل رام بن میں ایک عوامی جلسے کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو اس وقت گونا گوں مصائب و مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، بے روزگاری نے سنگین رخ اختیار کیا ہوا ہے اور حکومت کی جانب سے صرف دعوئے کئے جارہے ہیں جو زمینی سطح پر اس کے برعکس ہیں۔

دفعہ 370 کی منسوخی پر بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ ہمارے سر سے چادر چھین لی گئی۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو جموں وکشمیر میں ایک بھونچال آیا اور اس زلزلے کے جھٹکے حال ہی میں حیدر پورہ میں محسوس کئے گئے جب 3 معصوم شہریوں کا قتل کیا گیا۔

محبوبہ مفتی نے کہا کہ رام بن کے مزدور عامر ماگرے کی لاش اب بھی اُن کے لواحقین کے سپرد نہیں کی گئی جو حیران کن ہے۔انہوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ عامر ماگرے کی لاش فوری طورپر اُن کے لواحقین کے سپرد کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ‘اس قانون کو منسوخ کرنے کے بعد جموں وکشمیر میں باہر کے لوگوں کو سرکای نوکریاں فراہم کی گئیں، اسامیوں کو پُر کرنے کی خاطر باہر کی ریاستوں کے نوجوان فارم بھر رہے ہیں‘ پاور پراجکٹوں اور شاہراہوں کی مرمت کے کام بھی باہر کے ٹھیکیداروں کو دئے گئے ہیں ’۔

پی ڈی پی صدر نے کہا کہ حد تو یہ ہے کہ باجری، اور ریت نکالنے کے ٹھیکے بھی غیر ریاستی باشندوں کو فراہم کئے گئے جو ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بی جے پی کے ساتھ کیوں ہاتھ ملایا اس کی سب سے بڑی وجہ خصوصی اختیارات کو تحفظ فراہم کرنا تھا تاکہ بھاجپا اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ جونہی حکومت گری بی جے پی نے سب سے پہلے اسی قانون کو ہی منسوخ کیا۔محبوبہ مفتی نے واضح کیا کہ‘پی ڈی پی کسی بھی صورت میں نہیں جھکے گی تاہم لوگوں کے ساتھ کی اشد ضرورت ہے تاکہ مرکزی حکومت کو 370 کی بحالی کے لئے مجبور کیا جاسکے ’۔

پی ڈی پی صدر نے کہا کہ اگر ہم نے اب بھی آوازبلند نہیں کی تو وہ وقت قریب ہے جب یہاں کے لوگوں کو ایک انچ زمین بھی نہیں ملے گی کیونکہ اُس وقت یہاں پر دوسرے لوگ رہائش پذیر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری شناخت تب ہی محفوظ رہے گی جب سبھی لوگ متحد ہو کر 370 کی بحالی کے لئے اپنی آواز بلند کریں۔

ذریعہ
یو این آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.