شمالی بھارت

کووِڈ سے فوت ہونے والے صحافیوں کے خاندانوں کو 10 لاکھ روپئے امداد

یوگی آدتیہ ناتھ نے آج 53 صحافیوں جو کووِڈ 19 کی وجہ سے فوت ہوگئے تھے، کے خاندانوں کو 10 لاکھ روپئے فی کس دیے اور اُن کی بہادری کو سلام کیا۔

لکھنؤ: چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے آج 53 صحافیوں جو کووِڈ 19 کی وجہ سے فوت ہوگئے تھے، کے خاندانوں کو 10 لاکھ روپئے فی کس دیے اور اُن کی بہادری کو سلام کیا۔

گڈ گورننس ڈے کے موقع پر یہاں اپنی قیامگاہ پر منعقدہ ایک پروگرام میں آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ان صحافیوں نے جس انداز میں عالمی وبا کے بیچ مثبت جذبہ کے ساتھ سسٹم کی کمیوں کو بے نقاب کیا اور شعور بیدار کیا، وہ قابل ستائش ہے۔

آدتیہ ناتھ نے 53 صحافیوں کے خاندانوں میں 5.30 کروڑ روپئے تقسیم کیے۔ ان صحافیوں کا کووِڈ کی وجہ سے انتقال ہوگیا تھا۔ گزشتہ سال جولائی میں دیگر 50 صحافیوں کے خاندانوں کو 10 لاکھ روپئے فی کس امداد فراہم کی گئی۔ حکومت ِ اترپردیش نے یہاں اپنے ایک بیان میں یہ بات بتائی۔

آدتیہ ناتھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا انفیکشن کی وجہ سے ریاست میں لگ بھگ 103 صحافیوں کی بے وقت موت ہوگئی۔ یہ ایک جذباتی لمحہ ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں ریاستی حکومت ہر خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ آج ہر خاندان کو مدد کے طور پر 10 لاکھ روپئے دیے جارہے ہیں۔

اس کے علاوہ قواعد کے مطابق بے سہارا خواتین کو پنشن بھی فراہم کی جائے گی، جب کہ مکھیہ منتری بال سیوا یوجنا اور پی ایم کیئر یوجنا کے تحت بے سہارا بچوں کو مدد فراہم کی جائے گی۔

آدتیہ ناتھ نے کہا کہ راستے الگ ہوسکتے ہیں، لیکن صحافیوں اور حکومت کا مقصد ایک ہی ہے، دونوں ہی عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتے ہیں۔ اقل ترین وسائل اور منفی حالات میں بھی ان کا کام جاری رہتا ہے۔ حکومت تمام صحافیوں کو رہائشی سہولتیں فراہم کرنے کی خواہاں ہے۔