کنور بنگلورو ایکسپریس پٹری سے اترگئی

جنوب مغربی ریلوے کے ماتحت بنگلورو سیلم سیکشن پر ٹوپرو شیواڑی اسٹیشنوں کے درمیان کنور سے بنگلور آرہی ٹرین پرصبح تقریباً 3.50 بجے اچانک بڑے بڑے پتھر آ کر گرے ، جس سے ٹرین کے سات ڈبے پٹری سے اتر گئے۔

نئی دہلی/بنگلورو: تامل ناڈو کے ضلع دھرما پوری میں چٹانیں کھسکنے کے دوران پتھر گرنے کی وجہ سے آج اعلیٰ الصبح ٹرین نمبر 07390 کنور بنگلورو ایکسپریس کے سات ڈبے پٹری سے اتر گئے، تاہم اس حادثے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

ریلوے کے سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنوب مغربی ریلوے کے ماتحت بنگلورو سیلم سیکشن پر ٹوپرو شیواڑی اسٹیشنوں کے درمیان کنور سے بنگلور آرہی ٹرین پرصبح تقریباً 3.50 بجے اچانک بڑے بڑے پتھر آ کر گرے ، جس سے ٹرین کے سات ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ ان میں سے دو ڈبے بی -1 اور بی- 2 اے سی کلاس کے ہیں جبکہ ایس 6 ، ایس 7 ، ایس 8 ، ایس 9 اورایس 10 سلیپر کلاس کے تھے۔ یہ ٹرین کنور سے کل شام 6.05 بجے روانہ ہوئی تھی۔

ڈیویژنل ریلوے منیجربنگلور شیام سنگھ ، ڈیویژن کے سینئر عہدیداران اور ڈاکٹروں کی ایک ٹیم حادثے سے متعلق ریلیف ٹرین اور میڈیکل وین کے ساتھ صبح تقریباً 5.45 بجے جائے حادثہ کے لیے روانہ ہوئی۔ اسی طرح ڈیویژنل ریلوے مینیجر سیلم ایک ٹیم کے ساتھ شام 5.30 بجے ایروڈ سے جائے حادثہ کے لیے روانہ ہوئے۔ ٹرین میں جملہ 2348 مسافر سوار تھے اورکسی کو کوئی نقصان پہنچنے کی اطلاع نہیں ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ٹرین کے پچھلے حصے کی چھ ریزرو بوگیاں اور ایس ایل آر کو مسافروں کے ساتھ ٹوپارو روانہ کیا گیا ہے ۔ پانچ بسوں کا بھی انتظام کیا گیا اور ٹوپارو میں 15 بسوں کا انتظام کر کے کچھ مسافروں کو بنگلورو بھیجا گیا۔ مسافروں کے لیے پانی اور ناشتے کا بھی انتظام کیا گیا۔

ہوسور (04344-222603)، بنگلورو (080-22156554) اور دھرما پوری (04342-232111) میں ہیلپ لائنیں قائم کی گئی ہیں۔

ذریعہ
یو این آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.