کیرالا میں بارش سے تباہی‘ 18نعشیں برآمد

ریاست میں جمعہ کی شام سے موسلا دھار بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں سڑکیں زیر آب آگئیں اور ٹرافک درہم برہم ہوگئی۔ جنوبی ریاست میں بارش سے متعلقہ واقعات میں 8جانیں جاچکی ہیں اور 11افراد لاپتہ ہیں۔

کوٹائم/ادوکی: کیرالا کے دو وسطی اضلاع میں موسلا دھار بارش اور سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 18ہوگئی ہے۔ بچاؤ کارکنوں نے ملبہ سے اتوار کے دن مزید نعشیں نکالیں۔ ریاستی وزیر مال کے راجن نے بتایا کہ ریسکیو ورکرس نے ملبہ سے 15نعشیں نکالی ہیں۔ اضلاع ادوکی اور کوٹائم کے مختلف مقامات بارش اور سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

ضلع کلکٹر ادوکی شیبا جاج نے بتایا کہ تین نعشیں آج ان کے ضلع میں نکالی گئیں۔ ان کا ضلع پہاڑی علاقہ ہے جہاں کل زمین کھسکی تھی۔ مزید پانچ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ کیرالا کے قائد اپوزیشن وی ڈی ستیشن نے دو متاثرہ مقامات کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریسکیو آپریشن بروقت شروع کرنے میں ناکام رہی۔

نئی دہلی سے آئی اے این ایس کے بموجب کیرالا میں سیلاب ریلیف کیلئے فوج‘ بحریہ اور فضائیہ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ کیرالا کے 5اضلاع میں ریڈ الرٹ کے مد نظر سدرن نیول کمانڈ ہیڈ کوارٹرس کو تیار رکھا گیا ہے کہ وہ بچاؤ سرگرمیوں میں مقامی انتظامیہ کی مدد کرے۔

اسی دوران کیرالا اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی نے سدرن نیول کمانڈ‘ کوچی سے مدد مانگی ہے تاکہ کوٹیکل میں پانی میں گھرے خاندانوں کو نکالا جاسکے۔ عہدیداروں کے بموجب فوج‘ بحریہ اور فضائیہ کے جوان‘ کوٹیکل روانہ ہوچکے ہیں۔ موسم ٹیک ہونے پر ہیلی کاپٹر بھیجے جائیں گے۔ فوج نے بتایا کہ اس کے 2کالم وائناڈ اور کوٹائم میں انجینئرنگ اور میڈیکل آلات کے ساتھ تعینات کئے جاچکے ہیں۔ بنگلورو سے ایک اسپیشلسٹ انجینئر ٹاسک فورس روانہ ہوچکی ہے۔

ریاست میں جمعہ کی شام سے موسلا دھار بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں سڑکیں زیر آب آگئیں اور ٹرافک درہم برہم ہوگئی۔ جنوبی ریاست میں بارش سے متعلقہ واقعات میں 8جانیں جاچکی ہیں اور 11افراد لاپتہ ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) بھی بچاؤ وراحت کاری میں حصہ لے رہی ہے۔

 پی ٹی آئی کے بموجب مرکز‘ کیرالا کے عوام کی ہر ممکنہ مدد کرے گا جو موسلا دھار بارش اور سیلاب سے متاثر ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوار کے دن ٹویٹ کیا کہ مرکزی حکومت نے کیرالا کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) نے 11ٹیمیں تعینات کردی ہیں۔

ذریعہ
پی ٹی آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.