کھیل

انگلینڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیت لیا

انگلینڈ نے سیم کیرن (12/3) کی شاندار باؤلنگ کی مدد سے پاکستان کو 137 رنز پر روک دیا تھا۔ جوس بٹلر کی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بننے کے لیے 138 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے ایک اوور باقی رہتے حاصل کر لیا۔

میلبورن: شاندار آل راؤنڈر بین اسٹوکس (ناٹ آؤٹ 52) کی نصف سنچری کی بدولت انگلینڈ نے اتوار کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ٹی 20 ورلڈ کپ کا خطاب دوسری بار جیت لیا۔

ٹائٹل میچ میں پہلے باؤلنگ کرتے ہوئے انگلینڈ نے سیم کیرن (12/3) کی شاندار باؤلنگ کی مدد سے پاکستان کو 137 رنز پر روک دیا تھا۔ جوس بٹلر کی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بننے کے لیے 138 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے ایک اوور باقی رہتے حاصل کر لیا۔

ون ڈے ورلڈ کپ 2019 کے فائنل میں انگلینڈ کی جیت کے ہیرو رہنے والے اسٹوکس نے 49 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 رنز بنا کر انگلینڈ کو یادگار فتح دلائی۔

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ کی 45 رنز پر تین وکٹیں گر چکی تھیں اور اس وقت تک میچ پاکستان کی گرفت میں تھا۔ ہیڈنگلے اور لارڈز کے سورما اسٹوکس نے ایک بار پھر اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالتے ہوئے ہیری بروک (20) کے ساتھ 39 رنز کی شراکت قائم کی جبکہ معین علی (19) کے ساتھ 48 رنز جوڑے۔

بروک اور معین کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی اسٹوکس وکٹ پر موجود رہے اور 19ویں اوور میں محمد وسیم جونیئر کی گیند پر فاتحانہ رن بنا کر انگلینڈ کو دوسری بار ٹی ٹوئنٹی کا عالمی چیمپئن بنا دیا۔

انگلینڈ نے اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2010 میں آسٹریلیا کو شکست دے کر جیتا تھا۔ بٹلر پال کولنگ ووڈ کے بعد انگلینڈ کے لیے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والے دوسرے کپتان بن گئے ہیں۔

 دوسری جانب پاکستان اپنے تیسرے فائنل میں دوسرے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹائٹل کی تلاش میں تھا لیکن بابر اعظم کی ٹیم حارث رؤف (23/2) کی قیادت میں گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے باوجود فتح کی دہلیز کو عبور نہ کر سکی۔