آندھراپردیش

دواساز یونٹ میں دھماکہ،3ہلاک

گوری پٹنم کے مقام پر واقع ویژن ڈرگس پرائیوٹ لمیٹڈ میں یہ دھماکہ اس وقت ہوا جبکہ اسٹاف ارکان، ایک فنی خرابی کو دور کرنے کی کوشش کررہے تھے۔

امراوتی: آندھرا پردیش کے ضلع مشرقی گوداوری کے گوری پٹنم میں ایک دواساز یونٹ میں دھماکہ کی وجہ سے3 افراد ہلاک ہوگئے۔ ضلع کلکٹر مادھوی لتا نے مہلوکین کے ورثا کو فی کیس 20لاکھ روپے ایکس گریشیا دینے کا اعلان کیا۔

 پہلی نظر میں دھماکہ، ادارہ کے انتظامیہ کی کمزوریوں کو ظاہر کرتا ہے۔ اس معاملہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ گوری پٹنم کے مقام پر واقع ویژن ڈرگس پرائیوٹ لمیٹڈ میں یہ دھماکہ اس وقت ہوا جبکہ اسٹاف ارکان، ایک فنی خرابی کو دور کرنے کی کوشش کررہے تھے۔

 پولیس ذرائع نے یہ بات بتائی۔ ایک پائپ لائن میں خرابی پیدا ہوگئی تھی جس میں پانی اور کیمیائی مادوں کی ری سائیکلنگ کی جاتی ہے۔ منیجر، شفٹ انچارج اور کیمسٹس، ہائیلائن پر کام کررہے تھے کہ درجہ حرارت میں اضافہ کی وجہ سے دھماکہ ہوا۔

 اس کیس کی تحقیقات میں شامل پولیس کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی دھماکہ، اس قدر طاقتور تھا کہ شیٹرس گلاس اور ٹین کے شیڈس کے ٹکڑے اڑ کر ان تینوں کے جسم میں پیوست ہوگئے۔ دیگر ملازمین نے فوری ان تینوں زخمیوں کو کووپور ہاسپٹل منتقل کیا مگر وہاں یہ تینوں، زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ وزیر داخلہ ونیتا نے ہاسپٹل کا دورہ کیا اور عہدیداروں سے اس حادثہ کے بارے میں واقفیت حاصل کی۔