راہول گاندھی، سیتاپور گیسٹ ہاؤز پہنچ گئے

سابق صدر کانگریس مختصر دھرنا دینے کے بعد اپنی گاڑی میں لکھنو ایرپورٹ سے لکھیم پور کھیری روانہ ہوگئے۔ ابتدا میں ان سے کہا گیا تھا کہ وہ پولیس کی کار میں سفر کریں۔

لکھنو: کانگریس قائد راہول گاندھی چہارشنبہ کی شام سیتاپور پہنچ گئے جہاں پرینکا گاندھی کے بشمول ان کی پارٹی کے بعض قائدین کو پیر سے زیرحراست رکھا گیا ہے۔ پرینکا گاندھی اور دیگر کانگریس قائدین نے لکھیم پور کھیری تشدد کے متاثرین سے ملنے کی ناکام کوشش کی تھی۔

سابق صدر کانگریس مختصر دھرنا دینے کے بعد اپنی گاڑی میں لکھنو ایرپورٹ سے لکھیم پور کھیری روانہ ہوگئے۔ ابتدا میں ان سے کہا گیا تھا کہ وہ پولیس کی کار میں سفر کریں۔

راہول گاندھی آج دوپہر چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ چنی، چیف منسٹر چھتیس گڑھ بھوپیش بگھیل اور کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور رندیپ سنگھ سرجے والا کے ساتھ دہلی سے لکھنو کے چودھری چرن سنگھ ایرپورٹ پہنچے تھے۔

یوپی کانگریس کے ترجمان اشوک سنگھ نے دوپہر میں پی ٹی آئی کو بتایا تھا کہ راہول گاندھی‘ چیف منسٹر چرنجیت سنگھ چنی اور چیف منسٹر بھوپیش بگھیل کے ساتھ لکھنو ایرپورٹ سے لکھیم پور کھیری روانہ ہوچکے ہیں۔ وینوگوپال اور سرجے والا بھی ان کے ساتھ ہیں۔ سیتاپور پہنچنے کے بعد وہ لکھیم پور کھیری کا رخ کریں گے۔

سرجے والا نے ٹویٹ کیا کہ پنجاب اور چھتیس گڑھ کی حکومتیں مہلوک کسانوں کے کنبوں کو ایک کروڑ روپے معاوضہ دیں گی۔ اتوار کے تشدد میں ہلاک صحافی کے ورثا کو بھی اتنی ہی رقم ملے گی۔ ایرپورٹ کے ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سرکاری عہدیدار‘ راہول گاندھی سے کہہ رہے ہیں کہ وہ پولیس کی گاڑی میں سفر کریں لیکن راہول گاندھی نے یہ بات نہیں مانی اور دھرنا دیا۔

انہوں نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ہم اپنی گاڑیوں میں جانا چاہتے ہیں لیکن پولیس چاہتی تھی کہ ہم ان کی گاڑیوں میں سفرکریں۔ میں جاننا چاہتا ہوں کہ ہمیں اپنی گاڑیوں میں جانے کیوں نہیں دیا جارہا ہے جبکہ ابتدا میں کہا گیا تھا کہ ہم اپنی گاڑیوں میں جاسکتے ہیں۔ اب پولیس گاڑی کی بات ہورہی ہے۔ایسا لگتا ہے کہ یہ لوگ کچھ شرارت کرنا چاہتے ہیں۔

ایرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت میں راہول گاندھی نے کہا کہ ان کا یا پرینکا کا جیل جانا بے معنی ہے کیونکہ بنیادی سوال یہ ہے کہ مجرم لوگوں کو کچل رہے ہیں‘ جن لوگوں کو جیل میں ہونا چاہئے انہیں جیل میں نہیں ڈالا جارہا ہے۔ ہمیں کسانوں کے غم زدہ خاندانوں سے ملنے نہیں دیا جارہا ہے۔

ذریعہ
پی ٹی آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.