مودی نے ملک کی 60 کروڑ آبادی کو بے روزگار کردیا: طارق انور

طارق انور نے کہاکہ فرقہ پرستی اپنے شباب پر ہےاس لئے ضروری ہے کہ پہلے ملک کو فرقہ پرستی سے بچایا جائےاور ہمارے بزرگوں نے جو بھارت ہم کو سونپا تھااس کی حفاظت کی جائے ۔

نئی دہلی: دہلی پردیش قومی تنظیم کے زیر اہتمام ضلع نجف گڑھ قومی تنظیم کی جانب سے منعقدہ قومی یکجہتی کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا قومی تنظیم کے قومی صدر طارق انور نے کہاکہ جس طرح سے نفرت پھیلانے کاکام آر ایس ایس ،بی جے پی اور اس کے لوگ کررہے ہیں اور حکومت میں بیٹھے لوگ نفرت پھیلانے والوں کی پشت پناہی کررہے ہیں وہ گاندھی کے بھارت کیلئے ٹھیک نہیں ہے اس لئے آل انڈیا قومی تنظیم نے پورے ملک میں نفرت چھوڑو بھارت جوڑو مہم کی شروعات کی ہے اور یہ مہم کامیابی کیساتھ جاری بھی ہے۔

طارق انور نے کہاکہ ایسے تمام لوگ جو گاندھیائی نظریہ میں یقین رکھتے ہیں ان کا قومی تنظیم میں استقبال ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک میں بے روزگاری 45 سال کا ریکارڈ توڑ چکی ہے 55 سے 60کروڑ لوگ غریبی ریکھا سے نیچے ہیں اور غریبی کا عالم یہ ہے کہ آج 80 کروڑ آبادی حکومت کی جانب سے دیئے جانے والے اناج پر منحصر ہوکر رہ گئی ہے اور بی جے پی ایسی صورتحال پیدا کرنا چاہتی ہے کہ لوگوں کو دو وقت کی روٹی جب ملے تو وہ کہیں کہ مودی کی وجہ سے ہی روٹی ملی ہے اور اس کے بعد کیا ہوگا اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ نریندر مودی نے وعدہ کیاتھا کہ دوکروڑ لوگوں کو روز گار دیں گے، لیکن یہ سال میں دو کروڑ لوگوں کا روز گار چھین رہے ہیں ۔ کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا وعدہ تھا ، لیکن آج یہ لوگ طاقت کے نشہ میں کسانوں کو روندنے کا کام کررہے ہیں۔ جو کسان ہمارے لئے دووقت کی روٹی اگاتا ہے آج اسی کسان کو تباہ و برباد کیا جارہا ہے۔

طارق انور نے کہاکہ فرقہ پرستی اپنے شباب پر ہےاس لئے ضروری ہے کہ پہلے ملک کو فرقہ پرستی سے بچایا جائےاور ہمارے بزرگوں نے جو بھارت ہم کو سونپا تھااس کی حفاظت کی جائے ۔ ان کے خوابوں کا بھارت بنایا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ ہمارے ملک کو بانٹنے کی سازش ہورہی ہے ۔

پوری دنیا میں بھارت کی امیج خراب ہورہی ہے ۔ ملک سے غداری کا جو قانون انگریزوں نے اپنی حکومت بچانے کیلئے بنایاتھا اس قانون کا غلط استعمال کرکے ہر آدمی کو وطن دشمن بتانے کی سازش ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندو کو مسلمان سے لڑانے کی سازش اس لئے ہورہی ہے تاکہ اصل ایشو سے ایجنڈے کو ڈائیورٹ کیا جاسکے۔ آج میڈیا بھی اصل ایشو پر بحث نہیں کرنا چاہتا ہے ۔ایسے ایشوز زیر بحث لائے جاتے ہیں جن کا عام آدمی سے کوئی تعلق نہیں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ جیسے ہی الیکشن قریب آرہا ہے ویسے ہی فرقہ پرستی کا ناگ ایک بار پھر کمزروں کو ڈسنے کیلئے پھن پھیلائے کھڑا ہے اور اس سے بچائو کا واحد راستہ گاندھی کا نظریہ حیات ہے۔ اس موقع پر قومی تنظیم دہلی پردیش کے صدر ہدایت اللہ جنٹل نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کسی کو ہرانے اور جتانے کیلئے کام نہ کریں بلکہ دیکھیں کہ کون ان کی لڑائی لڑ رہا ہے ورنہ ایک دن ایسے آئے گا کہ لوگ کمزروں کے بارے میں بولنا بھی چھوڑ دیں گے۔ پروگرام کی نظامت کررہے مولانا قمرالدین (قومی سکریٹری آل انڈیا قومی تنظیم ) نے لوگوں سے گاندھی کے راستے پر چلنے کی اپیل کرتے ہوئے قومی تنظیم سے جڑنے کی اپیل کی ۔

اس موقع پر قومی تنظیم کے قومی جنرل سکریٹری آرگنائزیشن محمد احمد، ضلع نجف گڑھ صدر رفیع الدین خان، قومی تنظیم کراری ضلع صدر حاجی انتظار ، سکندر ، مولانا عبد الرشید، مولانا مقبول احمد،مہیش دویدی، قیصرانصاری، انسان علی ، مولانا تصور نظامی، قاری سلیم ، حافظ انصار، قاری اعجاز، ممتاز عالم، شاہنوازحسین سمیت سیکڑوں لوگ موجود تھے ۔

ذریعہ
یواین آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.