نوجوت سنگھ سدھو کا کجریوال کی قیام گاہ پردھرنا

پنجاب پردیش کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو نے آج جیسے کو تیسا وار کرتے ہوئے چیف منسٹر دہلی کے بنگلہ کے سامنے دھرنادیا۔ قبل ازیں کجریوال نے موہالی میں ایسے ہی دھرنے میں حصہ لیاتھا۔

نئی دہلی: صدرپنجاب پردیش کانگریس نوجوت سنگھ سدھو نے چیف منسٹر دہلی اروندکجریوال کے بنگلہ(سیول لائنس) کے سامنے اتوار کے دن دھرنا دیا۔ انہوں نے دہلی کے گیسٹ ٹیچرس کا ساتھ دیا جو اپنی نوکریاں مستقل کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ گذشتہ ماہ کجریوال نے پنجاب کے موہالی میں کنٹراکٹ ٹیچرس کے احتجاج میں حصہ لیاتھا جنہوں نے ایسے ہی مطالبہ پر مظاہرہ کیاتھا۔ پنجاب اسمبلی الیکشن سے قبل عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر نے سماج کے مختلف طبقات بشمول ٹیچرس کیلئے کئی نوازشوں کا اعلان کیا ہے۔

 انہوں نے کنٹراکٹ ٹیچرس کو مستقل کرنے اور ریاست میں نظام تعلیم کو چست درست بنانے کا تیقن دیا۔ پنجاب میں 2022ء کے اوائل میں اسمبلی الیکشن ہونے والا ہے۔ عام آدمی پارٹی اس سرحدی ریاست میں اپنی فیصلہ کن موجودگی درج کرانے کوئی کسر نہیں چھوڑرہی ہے۔ اروندکجریوال پر تنقید کرتے ہوئے سدھو نے کہا کہ حکومت دہلی تعلیم کے کنٹراکٹ ماڈل پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہلی کے پاس 1031 اسکول ہیں۔ صرف 196 اسکولوں میں پرنسپل ہیں۔ اساتذہ کی 45 فیصد جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ 22ہزار گیسٹ ٹیچرس یومیہ اجرت پر اسکولوں کو چلارہے ہیں۔ ہر 15 دن بعد کنٹراکٹ کی تجدید ہوتی ہے۔

پنجاب کانگریس کے صدر نے ٹوئٹ کیاکہ دہلی میں اساتذہ کی 12515 جائیدادیں 2015ء میں مخلوعہ تھیں جو 2021میں بڑھ کر 19907 ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی حکومت ان جائیدادوں کو گیسٹ لیکچررس کے ذریعہ پرکررہی ہے۔ این ڈی ٹی وی کے بموجب عام آدمی پارٹی قائدین اسمبلی الیکشن کی مہم چلانے پنجاب کا رخ کررہے ہیں۔

 برسرِ اقتدار کانگریس نے فیصلہ کیا ہے کہ حریف کے ساتھ لڑائی اس کے اپنے گڑھ یعنی دہلی میں لڑی جائے۔ پنجاب پردیش کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو نے آج جیسے کو تیسا وار کرتے ہوئے چیف منسٹر دہلی کے بنگلہ کے سامنے دھرنادیا۔ قبل ازیں کجریوال نے موہالی میں ایسے ہی دھرنے میں حصہ لیاتھا جس کا جواب سدھو نے اتوار کے دن دیا۔ مقام احتجاج کی تصاویر میں سدھو کو احتجاجی اساتذہ کے ساتھ نعرے بازی کرتے دیکھاجاسکتا ہے۔ سدھو نے بعدازاں احتجاج کی تصاویر شیئرکرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں گیسٹ ٹیچرس کے ساتھ بندھوا مزدور جیسا سلوک ہورہا ہے۔

ذریعہ
پی ٹی آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.