چین کی بلااشتعال جارحیت ہندوستان کے لئے چیلنج : راج ناتھ سنگھ

راج ناتھ سنگھ کے علاوہ 2+2 خارجہ اور دفاع بات چیت میں وزیر خارجہ ایس جئے شنکر‘ ان کے روسی ہم منصب سرجی لاروف اور روسی وزیر دفاع جنرل سرجی شویگو نے حصہ لیا۔

نئی دہلی: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے افتتاحی ہند۔ روس 2+2 ڈائیلاگ میں کہا کہ ہندوستان کو اپنے پڑوس میں ”فوجی طاقت میں غیرمعمولی اضافہ“ اور شمالی سرحد پر ”پوری طرح بلااشتعال جارحیت“ کے چیلنجس کا سامنا ہے۔

دونوں ممالک نے 6 لاکھ اے کے 203 رائفلس کی مشترکہ تیاری کے معاہدہ پر دستخط کئے۔ انہوں نے فوجی تعاون 2031 تک بڑھادیا۔ راج ناتھ سنگھ کے علاوہ 2+2 خارجہ اور دفاع بات چیت میں وزیر خارجہ ایس جئے شنکر‘ ان کے روسی ہم منصب سرجی لاروف اور روسی وزیر دفاع جنرل سرجی شویگو نے حصہ لیا۔

چاروں وزر نے دفاعی نقطہ نظر سے اہم باہمی اور علاقائی مسائل پر جامع تبادلہ خیال کیا۔ 2+2 بات چیت سے قبل راج ناتھ سنگھ اور شویگو نے انڈیا۔ رشیا انٹرگورنمنٹل کمیشن آن ملٹری اینڈ ملٹری ٹیکنیکل کو آپریشن کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی جس کے دوران دونوں ممالک نے ایک معاہدہ پر دستخط کئے۔

اس معاہدہ کی رو سے اترپردیش کے امیٹھی میں 6 لاکھ اے کے 203 اسالٹ رائفلیں مشترکہ طورپر تیار کی جائیں گی۔ دونوں ممالک نے فوجی تعاون 10 سال کے لئے (2021-2031) بڑھادیا۔ رائفلیں ہندوستانی مسلح افواج کے لئے بنیں گی اور ان پر لگ بھگ 5 ہزار کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ راج ناتھ سنگھ نے چین کا نام لئے بغیرکہا کہ کورونا وباء‘ ہمارے پڑوس میں فوجی طاقت میں غیرمعمولی اضافہ‘ 2020 کے موسم سرما سے شمالی سرحد پر پوری طرح بلااشتعال جارحیت نے ہمارے لئے کئی چیلنجس پیدا کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنے مضبوط سیاسی عزم و حوصلہ سے ان چیلنجس سے نمٹنے کے تعلق سے پراعتماد ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے امید ظاہر کی کہ روس ”چیلنجس سے پر“ ان حالات میں ہندوستان کا بڑاشراکت دار بنا رہے گا۔ جئے شنکر نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ کافی بدل چکی دنیا میں ہندوستان اور روس کے تعلقات قریبی رہے ہیں اور وقت کی کسوٹی پر پورے اترے ہیں۔ وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کی صورتِ حال کے وسط ایشیا پر وسیع تر مضمرات ہوں گے۔

شویگو نے کہا کہ ہند۔ روس تعلقات میں باہمی فوجی فنی تعاون کی خاص اہمیت ہے۔روسی وزیر خارجہ لاروف نے کہا کہ 2+2 وزارتی ڈائیلاگ میکانزم روایتی مفاہمت کو مزید بڑھادا دے گا۔ وہ باہمی اسٹراٹیجک پارٹنرشپ کو تقویت دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔ آئی اے این ایس کے بموجب ہندوستان اور روس نے پیر کے دن 4 معاہدوں پر دستخط کئے جن میں 6 لاکھ اے کے 203 اسالٹ رائفلوں کا ٹھیکہ شامل ہے۔

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے قومی دارالحکومت دہلی میں ہند۔ روس 2+2 ڈائیلاگ میں اپنے افتتاحی ریمارکس میں کہا کہ روس‘ ہندوستان کا دیرینہ اور خاص پارٹنر رہا ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات وقت کی کسوٹی پر کھرے اترے ہیں۔

ذریعہ
پی ٹی آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.