کرناٹک

مہاراشٹرا ۔ کرناٹک : سرحدی تنازعہ‘ تشدد کی شکل اختیار کرگیا

مختلف اضلاع سے آنے والے کارکنوں نے مہاراشٹرا کی طرف جانے والے 5 ٹرکس پر سنگباری کی۔ یہ لوگ ٹرکس کے اوپر چڑھ گئے اور مہاراشٹرا کے سیاستدانوں کے خلاف نعرے بازی کرنے لگے۔ انہوں نے رجسٹریشن پلیٹس کو نکال دیا اور گاڑیوں پر سیاہ رنگ لگادیا۔

بنگلورو: مہاراشٹرا اور کرناٹک کے درمیان سرحدی جھگڑے پر کنڑا کارکنوں کے احتجاج نے منگل کے دن تشدد کی شکل اختیار کرلی۔ برہم ہجوم نے مہاراشٹرا کے رجسٹریشن نمبر پلیٹس والے ٹرکس پر حملہ کردیا۔ کرناٹک پولیس نے تشدد کے بعد صدر کرناٹک رکشنا ویدیکے نارائنا گوڑا اور سینکڑوں ورکرس کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے بموجب ریاست کے مختلف اضلاع سے آنے والے کارکنوں نے مہاراشٹرا کی طرف جانے والے 5 ٹرکس پر سنگباری کی۔ یہ لوگ ٹرکس کے اوپر چڑھ گئے اور مہاراشٹرا کے سیاستدانوں کے خلاف نعرے بازی کرنے لگے۔ انہوں نے رجسٹریشن پلیٹس کو نکال دیا اور گاڑیوں پر سیاہ رنگ لگادیا۔ احتجاجی‘ پولیس کی گاڑیوں پر چڑھ گئے۔

 ان لوگوں نے کنڑا جھنڈے تھام رکھے تھے اور نعرے بازی کررہے تھے۔ کارکنوں کا منصوبہ بیلگاوی شہر میں ریالی نکالنے کا تھا۔ وہ مہاراشٹرا کے وزرا کو ریاست میں داخل ہونے سے روکنا چاہتے تھے۔ مہاراشٹرا کے وزرا نے اپنا دورہ منسوخ کردیا۔

کرناٹک پولیس نے کنڑا کارکنوں کو بیلگاوی شہر میں داخل ہونے سے روک دیا تاکہ نظم وضبط برقرار رہے۔ بیلگاوی شہر(بیلگام) میں مراٹھی بولنے والی کی کثیر تعداد ہے۔ اسی دوران نارائنا گوڑا نے کہا کہ یہ ایک روزہ احتجاج نہیں ہے۔ حکومت ہماری جدوجہد کو کچلنے پولیس فورس استعمال کررہی ہے۔ ہم حکومت کو سبق سکھائیں گے۔

 ہم اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے دوران بنگلورو میں سورنا ودھان سودھا کو گھیرلینے کی سوچ رہے ہیں۔ بی جے پی جنرل سکریٹری اور رکن اسمبلی سی ٹی روی نے کہا کہ مہاراشٹرا کو کرناٹک کی ایک اِنچ زمین بھی نہیں ملے گی۔

کولہاپور سے یو این آئی کے بموجب مہاراشٹرا اور کرناٹک کے درمیان متنازعہ سرحدی علاقوں کے سلسلہ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان کنڑ رکشن ویدیکا سنگھٹھن (کے آر وی ایس) کے کارکنوں نے منگل کو بیلگام-ہیرے بگواڑی ٹول پلازہ پر مبینہ طور پر پتھراؤ کیا اور مہاراشٹر کے چھ ٹرکوں کو نقصان پہنچایا۔

کے آر وی ایس کے مشتعل کارکنوں نے کرناٹک حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے پونے -بنگال قومی شاہراہ پر ہایئرے بگواڑی ٹول پلازہ پر مہاراشٹر سے کاگل چیک پوسٹ سے کرناٹک میں داخل ہونے والے ٹرکوں کو روک دیا اور ٹرکوں پر پتھراؤ شروع کر دیا، جس سے چھ ٹرکوں کو نقصان پہنچا۔

 اس دوران ڈیوٹی پر موجود کرناٹک پولس کے اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے مشتعل افراد کو منتشر کردیا۔کے آر وی ایس کارکنوں نے پونے -بنگلور نیشنل ہائی وے سے مہاراشٹر سے کرناٹک میں داخل ہونے والی گاڑیوں پر پوری طرح سے پابندی لگا دی ہے۔