تلنگانہ

کے سی آر نے کمال ہی کردیا: اسپیکر پنجاب اسمبلی

اسپیکر پنجاب اسمبلی سردارکلتار سنگھ نے کہاکہ انتہائی قلیل عرصہ میں تلنگانہ کی ترقی تعجب خیز ہے۔ کے سی آر نے تو کمال کردیا ہے۔ آج حیدرآباد سے ناندیڑ روانگی کے دوران نظام آباد میں کلتار سنگھ نے توقف کیا۔

حیدرآباد: اسپیکر پنجاب اسمبلی سردارکلتار سنگھ نے کہاکہ انتہائی قلیل عرصہ میں تلنگانہ کی ترقی تعجب خیز ہے۔ کے سی آر نے تو کمال کردیا ہے۔ آج حیدرآباد سے ناندیڑ روانگی کے دوران نظام آباد میں کلتار سنگھ نے توقف کیا۔

رکن اسمبلی نظام آباد بی گنیش گپتا نے اسپیکر پنچاب اسمبلی کو بی آر ایس حکومت کی جانب سے عوام کی ترقی، فلاح وبہبود اور شہر کی ترقی کیلئے کئے جارہے ہیں اقدامات سے واقف کرایا۔ نظام آباد کے جدید انٹیگریٹیڈ کلکٹریٹ کا مپلکس کا مشاہدہ کرایا کلکٹریٹ کی جدید عمارت دیکھ کر کلتار سنگھ دنگ رہ گئے۔

انہوں نے حیرت زدہ ہوتے ہوئے کہا کہ کیا یہ دفاتر کلکٹریٹ ہیں یا کارپوریٹ آفس؟ دہلی میں مرکزی وزراء کے چیمبرس سے تلنگانہ میں انٹیگریٹیڈ کلکٹریٹ کامپلکس لاکھ درجہ بہتر ہیں۔

حکومت تلنگانہ کو موافق کسان قرار دیتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ملک میں تلنگانہ ایسی واحد ریاست ہے جہاں کاشت کے لئے کسانوں کو راست طور پر مالی مدد فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے پیش قیاسی کی کہ مرکز میں آئندہ حکومت کسانوں کی ہی ہوگی۔

انہو ں نے مزید کہا کہ مرکز میں بی آر ایس کا کردار اہم رہے گا۔ ملک،بی آر ایس طرز کی پالیسیوں کو کل ہند سطح پر روبہ عمل ہوتا ہوا دیکھنا چاہتا ہے۔ کلتار سنگھ نے کہا کہ حیدرآباد سے نظام آباد روانگی کے دوران شہر حیدرآباد کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہورہا تھا کہ اب کچھ عرصہ کے بعد ملک حقیقی معنوں میں وشوا گرو بن جائے گا۔

کے سی آر نے تلنگانہ میں چمتکار کردیا ہے۔ حیدرآباد عالمی معیار کا شہر بن چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزادی کے بعد سے ملک میں کئی سیاسی جماعتوں نے جئے جوان، جئے کسان کا نعرہ لگایا مگر کے سی آر نے حقیقی معنوں میں اس نعرہ کو سچ ثابت کردکھایا ہے۔

کسانوں کی بہبود کیلئے سنجیدہ اقدامات کرتے ہوئے زراعت کو نفع بخش پیشہ میں تبدیل کردیا ہے۔ کسان آج خوشحال زندگی بسر کررہا ہے۔ حکومت تلنگانہ کے اقدامات واقعی متاثر کن ہیں۔ جس کے بعد آج ملک کے عوام پر اُمید نظروں سے کے سی آر کی طرف دیکھ رہے ہیں۔