آبادی کنٹرول قانون صحیح وقت پر لایا جائے گا: یوگی آدتیہ ناتھ

یوپی میں آبادی قانون پر یوگی نے کہا کہ ہر چیز کا صحیح وقت ہوتا ہے اور صحیح وقت پر کام کرنا ہوتا ہے۔ آبادی قانون جب بھی لایا جائے گا‘تام جھام سے لایا جائے گا‘ میڈیا کو بتاکر لایا جائے گا کیونکہ ہم خاموشی سے کوئی بھی کام کرنے کے قائل نہیں۔

لکھنو: اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے منگل کے دن کہا کہ ریاستی حکومت ”صحیح وقت پر“ آبادی کنٹرول قانون لائے گی۔ حکومت نے جولائی میں ایک پالیسی جاری کی تھی جس کا مقصد اترپردیش کی آبادی میں استحکام اور مقررہ مدت میں زچہ بچہ اموات گھٹانا تھا۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے بڑھتی آبادی کو ”ترقی میں رکاوٹ“ قراردیا تھا۔

چیف منسٹر نے کہا کہ سب کچھ مناسب وقت پر کیا جاتا ہے۔ میڈیا پہلے پوچھتا تھا کہ بی جے پی‘را م مندر کی تعمیر کی تاریخ کا اعلان کب کرے گی لیکن وزیراعظم نے کووِڈ 19 وباء کے باوجود گزشتہ برس 5  اگست کو ایودھیا میں رام مندر کا سنگ بنیاد رکھ دیا اور اب سبھی کو خوش ہوجانا چاہئے۔

 اسی طرح وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ میت شاہ نے آرٹیکل 370 برخواست کردیا۔ نیوز 24 کانکلیو میں حالیہ ”ابا جان“ والے ریمارکس کے بارے میں پوچھنے پر چیف منسٹر کہا کہ اپوزیشن‘ مسلمانوں کے ووٹ چاہتی ہے لیکن ”ابا جان“ کہنے سے چِڑ ہے۔ کشی نگر میں سماج وادی پارٹی(ایس پی) پر بظاہر تنقید میں آدتیہ ناتھ نے کہا تھا کہ ابا جان کہنے والے لوگ سارا راشن ہضم کرجاتے تھے۔

اترپردیش میں آبادی قانون پر چیف منسٹر نے کہا کہ ہر چیز کا صحیح وقت ہوتا ہے اور صحیح وقت پر کام کرنا ہوتا ہے۔ آبادی قانون جب بھی لایا جائے گا‘تام جھام سے لایا جائے گا‘ میڈیا کو بتاکر لایا جائے گا کیونکہ ہم خاموشی سے کوئی بھی کام کرنے کے قائل نہیں۔

جولائی میں آبادی کنٹرول مسودہ بل اترپردیش لا کمیشن کی ویب سائٹ پر اَپ لوڈ کیا گیا تھا اور عوام سے رائے مانگی گئی تھی۔ اس بل کی رو سے اترپردیش میں 2 سے زائد بچے والے مجالس مقامی الیکشن نہیں لڑسکیں گے‘ وہ سرکاری نوکری کے لئے درخواست نہیں دے سکتے اور کسی قسم کی کوئی سبسیڈی نہیں لے سکتے۔ ایسے لوگوں کو سرکاری نوکریوں میں ترقی بھی نہیں ملے گی۔

 کہا جاتا ہے کہ لا کمیشن نے مسودہ بل حکومت کو بھیج دی ہے۔ سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو کے اس دعویٰ پر کہ ریاست میں ریکارڈ تعداد میں فسادات ہوئے ہیں‘ یوگی نے کہا کہ نیشنل کرائم ریکارڈبیورو (این سی آر بی) کا کہنا ہے کہ اترپردیش میں صفر فرقہ وارانہ فسادات ہوئے ہیں۔

اپوزیشن کا انحصار اپنی ذہانت پر نہیں بلکہ ٹویٹر پر ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ بی جے پی‘ 350 سے زائد نشستوں کے ساتھ یوپی میں اگلی حکومت بنائے گی۔ 403 رکنی اسمبلی کے لئے الیکشن آئندہ سال ہونے والا ہے۔ بی جے پی نے پچھلے الیکشن میں 302  نشستیں جیتی تھیں۔

ذریعہ
یواین آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.