آشیش‘یوپی پولیس کے سامنے حاضر ہوگا: اجئے مشرا

اجئے مشرا چودھری چرن سنگھ ایرپورٹ پر میڈیا سے کہا کہ ہم قانون پر پورا بھروسہ رکھتے ہیں۔ میرا بیٹا بے قصور ہے۔ اسے جمعرات کے دن نوٹس ملی تھی لیکن اس کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔ وہ کل پولیس کے سامنے حاضر ہوگا۔

لکھنو: مرکزی وزیر اجئے مشرا نے جن کے لڑکے کو 3  اکتوبر کے لکھیم پور تشدد کے سلسلہ میں قتل مقدمہ کا سامنا ہے‘ جمعہ کے دن کہا کہ میرا لڑکا ”بے قصور“ ہے اور وہ اپنا بیان درج کرانے ہفتہ کے دن اترپردیش پولیس کے سامنے حاضر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آشیش‘ جمعہ کے دن اس لئے حاضر نہیں ہوسکا کہ اس کی ”طبیعت ٹھیک نہیں ہے“۔

مرکزی مملکتی وزیر داخلہ نے لکھنو کے چودھری چرن سنگھ ایرپورٹ میں میڈیا سے کہا کہ ہم قانون پر پورا بھروسہ رکھتے ہیں۔ میرا بیٹا بے قصور ہے۔ اسے جمعرات کے دن نوٹس ملی تھی لیکن اس کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔ وہ کل پولیس کے سامنے حاضر ہوگا اور بیان ریکارڈ کرائے گا۔ وہ اپنے بے قصور ہونے کا ثبوت دے گا۔

 اپوزیشن جماعتوں کی تنقید اور ان کا استعفیٰ مانگنے پر اجئے مشرا نے کہا ”وِپکش تو کچھ بھی مانگتا ہے“۔ انہوں نے کہا کہ یہ بی جے پی حکومت ہے جو غیرجانبداری سے کام کرتی ہے۔ خاطی پائے جانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ اترپردیش پولیس نے مرکزی مملکتی وزیر اجئے مشرا کے لڑکے آشیش مشرا کو پھر نوٹس جاری کی کہ وہ ہفتہ کو 11 بجے دن اس کے سامنے حاضر ہو۔ جمعہ کی دوپہر مشرا کے مکان کی دیوار پر چسپاں کی گئی نوٹس میں خبردار کیا گیا کہ ہفتہ کے دن تحقیقات کے لئے حاضر نہ ہونے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ہیڈکوارٹرس) اوپیندر اگروال نے جو تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ہیں‘ پولیس لائنس میں آج انتظار کیا لیکن آشیش نہیں آیا جس کے بعد تازہ نوٹس جاری کردی گئی۔ خبر ہے کہ آشیش‘ نیپال بھاگ گیا ہوگا۔ سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو سے جب اس سلسلہ میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ اگر یہ خبر صحیح ہے تو مرکز کو مداخلت کرنی چاہئے اور ملزم کو نیپال سے گرفتار کرنا چاہئے۔

ذریعہ
پی ٹی آئی

تبصرہ کریں

یہ بھی دیکھیں
بند کریں
Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.