کرناٹک

بنگلورو کیفے دھماکہ کیس، ملزمین 10 روزہ این آئی اے تحویل میں

بنگلورو کی خصوصی این آئی اے عدالت کے جج نے مشتبہ بمبار مصور حسین شاہ زیب اور منصوبہ ساز عبدالمتین طٰحہٰ کو بنگلورو کیفے بم دھماکہ کیس کے سلسلہ میں نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی(این آئی اے) کی 10 روزہ تحویل میں دے دیا۔

بنگلورو: بنگلورو کی خصوصی این آئی اے عدالت کے جج نے مشتبہ بمبار مصور حسین شاہ زیب اور منصوبہ ساز عبدالمتین طٰحہٰ کو بنگلورو کیفے بم دھماکہ کیس کے سلسلہ میں نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی(این آئی اے) کی 10 روزہ تحویل میں دے دیا۔

این آئی اے نے ہفتہ کے دن دونوں کو بنگلورو کے کورامنگلا علاقہ میں جج کی سرکاری قیام گاہ پر مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا۔ سینئر وکیل پرسناکمار نے این آئی اے کی طرف سے بحث کی۔ این آئی اے نے مشتبہ دہشت گردوں کو ایک نامعلوم مقام سے پکڑا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مشتبہ دہشت گردوں کی گرفتاری تحقیقاتی ایجنسیوں کے لئے بڑی پیشرفت ہے۔ دونوں کے بین الاقوامی دہشت گرد تنظیموں سے روابط تھے اور انہوں نے بم اندرون ِ ملک تیار کئے۔ عبدالمتین طٰحہٰ انجینئرنگ گریجویٹ ہے۔ اس نے کم شدت والے دھماکو آلات (آئی ای ڈی) تیار کئے تھے۔

یکم مارچ کو ایک بیاگ میں رکھا آئی ای ڈی بنگلورو کے رامیشورم کیفے میں پھٹ پڑا تھا۔کیفے کی چھت کو زیادہ نقصان پہنچا تھا تاہم کسی کی بھی ہلاکت نہیں ہوئی تھی۔

زائداز ایک ماہ کے تعاقب کے بعد این آئی اے نے جمعہ کے دن مصور حسین شاہ زیب اور اس کے ساتھی عبدالمتین طٰحہٰ کو کولکتہ کے خفیہ ٹھکانہ سے گرفتار کیا۔