بنگال میں سیلاب کے لئے جھارکھنڈ ذمہ دار : ممتابنرجی

انہوں نے کہا کہ پڑوسی ریاست نے بغیراطلاع ڈیموں سے پانی کا غیرمنصوبہ بند اخراج کیا جس کے نتیجہ میں یہ صورتِ حال پیدا ہوئی۔

کولکتہ: چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے اپنی ریاست کے جنوبی حصہ میں حالیہ سیلاب کے لئے جھارکھنڈ اور ڈی وی سی کو موردِ الزام ٹھہرایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پڑوسی ریاست نے بغیراطلاع ڈیموں سے پانی کا غیرمنصوبہ بند اخراج کیا جس کے نتیجہ میں یہ صورتِ حال پیدا ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ میں ڈیموں سے ریت نہیں نکالے جانے کی وجہ سے بڑی مقدار میں پانی کا اخراج ہورہا ہے جس کی وجہ سے مغربی بنگال میں سیلاب جیسی صورتِ حال ہے۔

انہوں نے حکومت جھارکھنڈ سے کہا کہ وہ اپنے ڈیموں سے ریت کی نکاسی کرے۔ ممتا بنرجی نے خبردار کیا کہ ڈیموں سے ریت نہ نکالی گئی تو زبردست احتجاج کیا جائے گا۔

اپوزیشن بی جے پی اور کانگریس کا کہنا ہے کہ دامودر ویالی کارپوریشن (ڈی وی سی) فاضل پانی چھوڑنے سے قبل حکومت مغربی بنگال کو ہمیشہ جانکاری دیتا ہے اور اس بار بھی ایسا ہی ہوا۔

سینئر ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ سوگت رائے نے پلٹ وار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس اس مسئلہ پر جھوٹ بول رہی ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ڈی وی سی نے حکومت مغربی بنگال سے صلاح و مشورہ کئے بغیر پانی چھوڑا۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ موسلادھار بارش کے بعد یہ سیلاب آیا ہوتا تو بات قابل فہم تھی لیکن سیلاب جھارکھنڈ اور ڈی وی سی کی طرف سے ڈیموں سے پانی کے اخراج کی وجہ سے آیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں سے میری گزارش ہے کہ وہ ریت کی نکاسی کریں۔ریت نکال دی جائے تو مغربی بنگال کو باربار ایسی صورتِ حال کا سامنا کرنا نہیں پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ڈیموں سے پانی کے غیرمنصوبہ بنداخراج کے خلاف احتجاج کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ بہت بڑے احتجاج کی شکل اختیار کرلے گا جو میں نہیں چاہتی۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے اخراج کے نتیجہ میں آسنسول‘ بانکورہ اور پرولیا میں سیلاب آگیا۔

ڈی وی سی نے کل پھر لگ بھگ ایک لاکھ کیوزک پانی چھوڑا۔ ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا کہ جھارکھنڈ کے ڈیموں سے گزشتہ 50 برس سے ریت نہیں نکالی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگست کے اوائل میں جنوبی بنگال میں سیلاب انسانی کرتوتوں کا نتیجہ تھا۔ لاکھوں کسان اس سے متاثر ہوئے اور 16 جانیں گئیں۔  

ذریعہ
پی ٹی آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.