بی جے پی اقتدار میں کسانوں کو سب سے زیادہ ستایاگیا: پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے کہاکہ بی جے پی حکومت اترپردیش میں انتخابات قریب آتے دیکھ مختلف اسکیمات کا اعلان کررہی ہے۔ جبکہ گذشتہ 5سالوں سے حکومت سوئی ہوئی تھی۔

لکھنؤ: پرتگیا یاتراؤں کے ذریعہ ووٹروں کے ساتھ براہ راست رابطہ کرنے کی کوشش کررہی کانگریس کی جنرل سکریٹری و اترپردیش کی انچار ج پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا ہے کہ آزادی کے بعد سے ابھی تک کسان سب سے زیادہ بی جے پی کے اقتدار میں ستایا گیا ہے۔

پرینکا نے جمعرات کو پارٹی کے ریاستی دفتر میں میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ مرکز اور ریاست کی بی جے پی حکومتیں صرف کاروباریوں کے مفاد میں کام کررہی ہیں اور ان کے اقتدار میں کسان مزدور نوجوان اور خواتین سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسان صرف کھاد ہی نہیں بلکہ بیج،ڈیزل اور کھیتی کے دیگر وسائل کے سلسلے میں حکومت کی پالیسیوں سے پریشان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاست میں بی جے پی حکومت اترپردیش میں انتخابات نزدیک آتے دیکھ مختلف اسکیمات کا اعلان کررہی ہے۔ جبکہ گذشتہ 5سالوں سے حکومت سوئی ہوئی تھی۔ اگر یہ اعلانات پہلے کے ہوتے تو کسانوں اور دیگر طبقوں کو پریشانی ہی نہیں لاحق ہوتی۔

اس سے پہلے انہوں نے پرائمری ٹیچر یونین کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور کورونا بحران کے دوران الیکشن ڈیوٹی کے دوران ہلاک ہونے والے ٹیچروں کے حق کی آواز اٹھانے کے لئے شکریہ ادا کیا۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ وفد نے ملازمین، ٹیچروں، شکچھا متروں، آنگ باڑی اہلکار، آشا بہوؤں اور رسوئیوں کے مفادات کا مطالبہ پرینکا کے سامنے رکھا۔

پرینکا گاندھی نے وفد کو بتایا کہ ٹیچروں۔ ملازمین کے کئی مطالبات پر جلد ہی وہ اعلانات کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملازمین ،ٹیچروں ، شکچھا متروں، آنگن واڑی عہدیدار، آشا بہوؤں اور رسوئیوں کے مفادات کے سلسلہ میں پوری طرح سے کمر بستہ ہے۔

ذریعہ
یواین آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.