حلقہ اسمبلی بھبانی پور میں 53.32 فیصد رائے دہی

3 اکتوبر کو رائے شماری اور نتائج کا اعلان مقرر ہے جس کے بعد ہی یہ فیصلہ ہوپائے گا کہ ممتا بنرجی عہدہ چیف منسٹری پر برقرار رہ پاتی ہیں یا نہیں۔

کولکتہ: بھبانی پور حلقہ اسمبلی میں جہاں سے چیف منسٹر مغربی بنگال مقابلہ کررہی ہیں‘ رائے دہی پرامن رہی۔ سرکاری عہدیداروں نے کہا کہ شام 5 بجے تک 53.32 فیصد رائے دہی ہوئی ہے۔

عہدیداروں نے کہا کہ مرشدآباد کے شمشیر گنج اور جنگی پور حلقوں میں رائے دہی بالترتیب 78.60 اور 76.12 فیصد ہوئی جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ پولنگ شام 6 بجے تک جاری رہی۔

ترنمول کانگریس کی صدر ممتا بنرجی کے خلاف بی جے پی کی پرینکا تبریوال اور سی پی آئی ایم کے ایس بسواس مقابلہ کررہے ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ بعض مقامات پر دھکم پیل کے معمولی واقعات پیش آئے جس کے بعد ٹی ایم سی اور بی جے پی نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی۔ مغربی بنگال میں بھبانی پور‘ شمشیر گنج اور جنگی پور اسمبلی نشستوں کے ضمنی انتخابات کے لیے صبح 7 بجے ووٹنگ شروع ہوئی۔

ان تمام نشستوں پرکورونا پروٹوکول پرعمل کرتے ہوئے شام ساڑے چھ بجے تک ووٹ ڈالے گئے۔ بھبانی پور میں 98 پولنگ مراکز میں 287 بوتھ قائم کیے گئے جن میں سے 269 اہم بوتھ تھے۔ ہربوتھ کے باہر200 میٹر کے علاقہ تک دفعہ 144نافذ کی گئی تھی۔

بھبانی پوراسمبلی حلقہ میں کل 206456 ووٹرہیں۔ ان میں سے 95209 مرد اور 95209 خواتین ووٹرشامل ہیں۔چیف منسٹر ممتا بنرجی ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر اپنی قسمت آزما رہی ہیں۔ وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پرینکا تبریوال کو انتخابی میدان میں اتارا ہے جبکہ مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی ایم) شری جیووشواس اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔

بھبانی پور حلقہ کے تمام بوتھ کو حساس قرار دیا گیا۔ ان میں سے 13 بوتھ ہائی الرٹ زون میں رکھے گئے تھے۔انتخابات کے پیش نظر سکیوریٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

حالیہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامیہ نے نیم فوجی دستوں کی مزید 20 کمپنیاں بڑھا دی تھیں۔ سخاوت میموریل اسکول میں 2 اسٹرانگ روم بنائے گئے ہیں۔کولکتہ پولیس ہیڈ کوارٹر لال بازار شہر کی سکیوریٹی کے حوالے سے سخت ہے۔

3 اکتوبر کو رائے شماری اور نتائج کا اعلان مقرر ہے جس کے بعد ہی یہ فیصلہ ہوپائے گا کہ ممتا بنرجی عہدہ چیف منسٹری پر برقرار رہ پاتی ہیں یا نہیں۔

ذریعہ
پی ٹی آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.