خواتین‘ دوسروں پر انحصار کرنا چھوڑدیں:پرینکا گاندھی

پرینکا نے کہاکہ میں چاہتی ہوں کہ عورتوں کی نصف آبادی 2024کے الیکشن میں 50 فیصد نشستوں پر مقابلہ کرے۔ موبائل آپ کی سیفٹی میں مدد کرے گا اور اسکوٹی آپ کی تعلیم میں مدد کرے گی۔ سرکاری بسوں میں عورتوں کے لئے سارا سفر مفت ہوگا۔

چترکوٹ: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے چہارشنبہ کے دن اترپردیش میں دریائے منداکنی کے کنارے رام گھاٹ پر لگ بھگ 5 ہزار عورتوں کے گروپ سے بات چیت کی۔انہوں نے ان سے کہا کہ وہ دوسروں پر انحصار کے بجائے خود اپنا خیال رکھنا شروع کردیں۔پرینکا نے کہا ”سنو دروپدی‘ شستر اٹھالو‘ اب گووند نہ آئیں گے‘ کب تک آس لگاؤگی تم‘ بکے ہوئے اخباروں سے‘ کیسی رکھشا مانگ رہی ہو‘ دشاسن کے درباروں سے“۔

انہوں نے کہا کہ اِس بار اسمبلی الیکشن میں عورتوں کو 40 فیصد ٹکٹ دینا صرف ایک شروعات ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ عورتوں کی نصف آبادی 2024کے الیکشن میں 50 فیصد نشستوں پر مقابلہ کرے۔ موبائل آپ کی سیفٹی میں مدد کرے گا اور اسکوٹی آپ کی تعلیم میں مدد کرے گی۔ سرکاری بسوں میں عورتوں کے لئے سارا سفر مفت ہوگا۔ سرکاری نوکریوں میں عورتوں کے لئے 40 فیصد ریزرویشن پہلے سے موجود ہے۔ پرینکا گاندھی نے بی جے پی حکومت کو نشانہ بنایا اور کہا کہ ایک وزیر کے لڑکے نے لکھیم پور میں کسانوں کو کچل دیا لیکن حکومت اسی کی مدد کررہی ہے۔

پرینکا گاندھی نے آج جس پروگرام سے خطاب کیا اس کا نعرہ ”لڑکی ہوں‘ لڑسکتی ہوں“ تھا۔ عورتوں نے جن میں آنگن واڑی ورکرس‘ آشا ورکرس‘ وکلاء اور سیلف ہیلپ گروپ کی ارکان شامل تھیں‘ پرینکا گاندھی کو گھر اور دفتر میں اپنے مسائل سے واقف کرایا۔ انہوں نے خواتین کے لئے کانگریس کے اعلان کردہ ریزرویشن کا خیرمقدم کیا۔ پرینکا گاندھی نے چترکوٹ کے مشہور متگجیندر مندر میں پوجا بھی کی۔ کانگریس قائد کے لئے کشتی میں خصوصی اسٹیج بنایا گیا تھا لیکن انہوں نے عورتوں کے ساتھ بیٹھنے کو ترجیح دی۔

 سیاسی تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ عورتوں سے بات چیت کے لئے چترکوٹ کا انتخاب سوچاسمجھا اقدام ہے کیونکہ اس ضلع کا رام گھاٹ علاقہ بھگوان رام کی زندگی سے جڑا رہا ہے۔ یوپی میں بی جے پی نے بھگوان رام سے بڑا فائدہ اٹھایا ہے۔

ذریعہ
آئی اے این ایس

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.