للت پور کے متاثرہ کسانوں سے پرینکا گاندھی کی ملاقات

دو کسانوں کی موت پر متاثرہ خاندانوں کو تسلی اور غم بانٹنے کیلئے پرینکا گاندھی واڈرا آج صبح سابرمتی ایکسپریس سے للت پور پہنچیں۔

للت پور: اتر پردیش کے بندیل کھنڈ میں کھاد کی کمی کی وجہ سے اپنی جان گنوانے والے دو کسانوں کے افراد خاندان سے ملاقات کیلئے کانگریس جنرل سکریٹری اورکانگریس کی ریاستی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا جمعہ کی صبح ٹرین سے للت پور پہنچیں ۔

سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر پردیپ جین آدتیہ نے یو این آئی کو بتایا کہ ضلع للت پور میں دو کسانوں کی موت پر متاثرہ خاندانوں کو تسلی اور غم بانٹنے کیلئے پرینکا گاندھی واڈرا آج صبح سابرمتی ایکسپریس سے للت پور پہنچیں۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس کارکنان نے ریلوے اسٹیشن پر ان کا شاندار استقبال کیا۔

قابل ذکر ہے کہ واڈرا جمعرات کی رات لکھنؤ سے ریل کے ذریعہ للت پور کیلئے روانہ ہوئی تھیں۔ اس ہفتہ للت پور کے ناراہاٹ تھانہ حلقے کے تحت بنیانہ گاؤں کے کسان مہیش کمار ویور کی کھاد خریدمرکز میں طویل قطار میں کھڑے رہنے کے بعد طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے موت ہو گئی۔ اس کے ایک دن بعد ضلع للت پور کے مالواڑہ خورد گاؤں کے کسان سونی اہیروار نے تین دن تک کھاد نہ ملنے کی وجہ سے مایوس ہوکر خودکشی کرلی تھی۔

بندیل کھنڈ سمیت ریاست کے مختلف علاقوں میں کیمیائی کھاد کی بلیک مارکیٹنگ کی وجہ سے کسانوں کو کھاد نہ ملنے سے یہ بحران مزید گہرا ہوگیا ہے۔ مسٹر جین نے بتایا کہ واڈرا دونوں متوفی کسانوں کے گاؤں جائیں گی اور ان کے اہل خانہ سے ملیں گی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق، واڈرا متاثرہ کسانوں سے ملاقات کے بعد مدھیہ پردیش کے دتیا کا دورہ کریں گی اور وہاں سدھا پیٹھ ماں پتامبرا کی پوجا کریں گی اور اتر پردیش میں پارٹی کی کامیابی کیلئے دعا کریں گی۔

ذریعہ
یواین آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.